Live Updates

حکومت نے طالبان سے براہ راست مذاکرات کیلئے تحریک انصاف کے نمائندے رستم شاہ مہمند کا نام تجویز کردیا ،مذاکرات کے دوسرے دور کا آغاز حکومت کی طرف سے مجوزہ نئے مذاکرات کاروں کی کمیٹی کے قیام کا منتظر ہے ، پروفیسر ابراہیم

اتوار 9 مارچ 2014 21:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9مارچ۔2014ء) حکومت نے طالبان سے براہ راست مذاکرات کیلئے تحریک انصاف کے نمائندے رستم شاہ مہمند کا نام تجویز کردیا ۔وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے قومی امور اور سرکاری مذاکرتی ٹیم کے رابطہ کار عرفان صدیقی نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ طے پایا تھا کہ طالبان سے ملاقات کیلئے جانے والے وفد میں اس بار سرکاری کمیٹی کا نمائندہ بھی شامل ہوگا اور اس کیلئے سابق سفیر کا نام پیش کیا گیا تھا۔

وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے قومی امور نے کہاکہ اب آگے کے جو مراحل ہیں شاید اس میں کوئی بڑے اہم امور کے فیصلے کرنے ہوں گے تو حکومت ایسی کمیٹی تشکیل دے جو سرکاری، ریاستی عہدیداروں پر مشتمل ہو اور وہ موقع پر فاسٹ ٹریک پر فیصلے کر سکے۔رستم شاہ مہمند سرکاری ٹیم میں خیبرپختونخوا کی حکمران اور قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی دوسری بڑی جماعت پاکستان تحریک انصاف کی نمائندگی کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی میڈیا کے مطابق طالبان کی نامزد کردہ مذاکراتی کمیٹی میں شامل جماعت اسلامی کے رہنما پروفیسر محمد ابراہیم نے کہاکہ طالبان سے بات چیت کے دوسرے دور کا آغاز حکومت کی طرف سے مجوزہ نئے مذاکرات کاروں کی کمیٹی کے قیام کا منتظر ہے۔انہوں نے کہاکہ طالبان چاہتے ہیں کہ امن کیلئے ایک علاقہ مختص کیا جائے جہاں فوج کا عمل دخل نہ ہو اور جہاں وہ اپنی نقل و حرکت میں آزاد ہوں۔

طالبان کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ مولانا سمیع الحق بھی اس بارے میں کہہ چکے ہیں کہ ”ہم چاہتے ہیں کہ ایک ضلع، تحصیل یا ایک شہر کم از کم وہ بالکل پیس زون ہو تاکہ ہمارے لوگ بھی وہاں جا کر بیٹھ سکیں اور طالبان بھی۔ یہ تو مذاکرات ہیں بار بار وہاں جانا ہوگا ہم سے زیادہ حکومتی کارندوں اور حکومتی کمیٹی کو اس کی ضرورت ہے تاہم جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر کے بقول حکومت نے ابھی تک اس مطالبے پر کوئی جواب نہیں دیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات