Live Updates

وفاقی حکومت طالبان کی حیثیت تسلیم کر چکی ،خیبر پی کے سیاسی دفتر کھولنے کی پیشکش کر کے اس سے بڑھ کر کچھ کرنا چاہتی ہے ،اعتزاز احسن،طالبان کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے موقف میں کوئی فرق نہیں ،تحریک انصاف اپنے موقف سے یوٹرن لے چکی ہے ‘ رہنما پی پی

اتوار 9 مارچ 2014 19:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9مارچ۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت طالبان سے مذاکرات کر کے انکی حیثیت کو تسلیم کر چکی ہے جبکہ خیبر پختوانخواہ کی حکومت سیاسی دفتر کھولنے کی پیشکش کر کے اس سے بڑھ کر کچھ کرنا چاہتی ہے ، طالبان کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے موقف میں کوئی فرق نہیں ۔

(جاری ہے)

ایک انٹر ویو میں اعتزاز احسن نے کہا کہ پیپلز پارٹی آل پارٹیز کانفرنس میں اپنا موقف دے چکی ہے اور اس پر کاربند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اور اسے یہ ہر حال میں پوری کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت طالبان سے مذاکرات کر کے انکی حیثیت کو تسلیم کر چکی ہے لیکن خیبر پختوانخواہ حکومت کے وزیر کی جانب سے سیاسی دفتر کھولنے کی پیشکش سے ایسا لگتا ہے کہ وہ اس سے بڑھ کر کچھ کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف طالبان کے معاملے پر یوٹرن لے چکی ہے اور کسی کو بھی انکی پالیسی کی کچھ سمجھ نہیں آرہی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات