آئی سی سی ون ڈے رینکنگ ،باؤلرز میں سعید اجمل ،آل رانڈرز میں حفیظ کی بادشاہت برقرار ،بلے بازی میں بھارتی بلے باز ویراٹ کوہلی سرفہرست ،جنوبی افریقا کے ابراہم ڈی ویلئیرز دوسرے اور آسٹریلیا کے جارج بیلی تیسرے نمبر براجمان

اتوار 9 مارچ 2014 17:50

آئی سی سی ون ڈے رینکنگ ،باؤلرز میں سعید اجمل ،آل رانڈرز میں حفیظ کی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9مارچ۔2014ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی ہے جس کے تحت بالرز میں سعید اجمل جبکہ آل رانڈرز میں محمد حفیظ کی بادشاہت برقرار ہے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی ون ڈے رینکنگ کے مطابق بلے بازی میں بھارتی بلے باز ویراٹ کوہلی سرفہرست ہیں، دوسرے نمبر پر جنوبی افریقا کے ابراہم ڈی ویلئیرز، تیسرے نمبر پر آسٹریلیا کے جارج بیلی اور چوتھے نمبر پر جنوبی افریقی بلے باز ہاشم آملہ براجمان ہیں، اس کے علاوہ سری لنکا کے سنگاکارا، بھارت کے مہندر سنگھ دھونی، انگلینڈ کے جوناتھن ٹروٹ، بھارت کے شیکر دھون جبکہ سری لنکا کے تلکارتنے دلشان بالترتیب پانچویں، چھٹے، ساتویں ، آٹھویں اور نویں نمبر پر موجود ہیں۔

ٹاپ ٹین بلے بازوں میں دسواں نمبر پاکستان کے مسٹر ٹک ٹک مصباح الحق کا ہے جن کی حالیہ رینکنگ میں دو درجے تنزلی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

بالنگ میں پاکستان کے جادوگر اسپنر سعید اجمل کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے اور وہ بہترین بالرز میں سب سے آگے ہیں، دوسرے نمبر پر جنوبی افریقا کے ڈیل اسٹین، تیسرے نمبر پر ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن، چوتھے نمبر پر انگلینڈ کے اسٹیفن فن اور پانچویں نمبر پر بھارت کے رویندر جدیجا موجود ہیں اس کے علاوہ پاکستان کے محمد حفیظ 12ویں اور جنید خان 15ویں نمبر پر ہیں۔

ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کے آل رانڈرز میں پاکستان کے محمد حفیظ پہلے نمبر پر موجود ہیں، دوسرے نمبر پر انجیلو میتھیو، تیسرے پر شکیب الحسن، چوتھے نمبر پر رویندر جدیجا، پانچویں نمبر پر شین واٹسن، چھٹے نمبر پر تلکارتنے دلشان جبکہ ساتویں نمبر پر بوم بوم آفریدی موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :