اسلام آباد  آزاد کشمیر سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا ،آئندہ چند روز کے دوران مختلف علاقوں میں مزید بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان

اتوار 9 مارچ 2014 14:10

اسلام آباد/مظفر آباد/گلگت /کوئٹہ /پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9مارچ۔2014ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد آزاد کشمیر و گلگت بلتستان سمیت پہاڑی علاقوں میں بارش اوربرفباری کے باعث موسم ایک بار پھر سرد ہوگیا جبکہ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران مختلف علاقوں میں مزید بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے موسم کی شدت میں اضافہ ہوگیا محکمہ موسمیات کے مطابق چترال شہراور گرد ونواح میں صبح سے ہی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا پہاڑوں پر برف پڑنے سے سردی مزید بڑھ گئی آزاد کشمیر کے پہاڑوں پرجمی برف نے میدانی علاقوں کے لوگوں ٹھٹھرنے پر مجبور کردیا ،لوگوں نے لکڑیاں جلا کر خود کو گرم رکھاادھر ملالاکنڈڈویژن کے بالائی علاقوں کالام،مالم جبہ اور میاندم میں موسم آپر آلود رہا جس سے وادی سوات سمیت متعددمیدانی علاقوں میں موسم شدید سردہوگیاادھر پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی ہلکی بارش نے موسم خوشگوار کردیا ہے بلوچستان کے شمالی علاقوں میں بادل چھائے رہے اور وادی کوئٹہ میں بارش سے ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں سب سے زیادہ سردی استور اور اسکردو میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 03 ڈگری سنٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد بالائی پنجاب میں منگل کے دوران اکثر مقامات پر بارش کی پیشں گوئی ہے، اس دوران گندم کے بارانی علاقوں میں اچھی بارش کا امکان ہے۔ مری گلیات، کالام، مالم جبہ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں پیر کے روز برفباری کی پیشں گوئی ہے۔آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان،کشمیر،بالائی خیبر پختونخواہ،اسلام آباد،بالائی پنجاب میں اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ شمالی بلوچستان،بنوں،ڈی آئی خان،ملتان،ڈی جی خان ڈویژن میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔