حکومت فروغ تعلیم کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ، بیر سٹر عثمان ابراہیم ،ملک میں شرح خواندگی میں اضافہ کے لئے نجی شعبہ کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ،وزیرمملکت کاتقریب سے خطاب

ہفتہ 8 مارچ 2014 18:59

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2014ء) وزیر مملکت برائے ہاوسنگ اینڈ ورکس بیر سٹر عثمان ابراہیم نے کہا ہے کہ حکومت فروغ تعلیم کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ۔ ملک میں شرح خواندگی میں اضافہ کے لئے نجی شعبہ کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے نوشہر ہ روڈ پر دی نالج سکول کے افتتاح اور تقسیم انعامات کے موقع پراظہار خیال کر تے ہوئے کیا۔

ممتاز عالم دین صاحبزادہ رفیق احمد مجددی، ڈی ایس پی عبدالروف چشتی،ڈائریکٹر دی نالج سکول فواد بھٹی ، پرنسپل ہارون چشتی و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں حال ہی میں یوتھ سپورٹس فیسٹول کے ذریعے طلبہ کو ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کے بھر پور مواقع فراہم کئے گئے جس میں کئی ورلڈ ریکارڈ بھی بنائے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہمسائیہ ممالک میں شرح خواندگی کافی بہتر ہو چکی ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ جلد پاکستان میں شرح خواندگی کو اس معیار پر لایا جائے اس مقصد کے لئے نجی شعبہ کی بھی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے دی نالج سکول انتظامیہ کی طرف سے طلبہ کے لئے فیسوں میں 50فیصد تک کمی کو سراہا ۔ صاحبزادہ رفیق احمد مجددی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام میں حصول علم پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور پہلی وحی ہی حصول علم پر زور دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فروغ تعلیم کے بغیر کو ئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ اس سے قبل ڈی ایس پی عبدالروف چشتی، فواد بھٹی نے بھی اظہار خیا ل کیا ۔اس موقع پر طلبہ طالبات نے خوبصورت ٹیبلو پیش کیا جبکہ پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :