پنجاب حکومت کی جانب سے تھر کے متاثرین کے لیے امداد کی کوئی پیش کش نہیں ہوئی ہے ،شرجیل انعام میمن ، تھر میں قحط سالی کی صورت حال پر قابو پانے کے لیے سندھ حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے ،وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ

ہفتہ 8 مارچ 2014 18:53

پنجاب حکومت کی جانب سے تھر کے متاثرین کے لیے امداد کی کوئی پیش کش نہیں ..

تھرپارکر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2014ء) وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے تھر کے متاثرین کے لیے امداد کی کوئی پیش کش نہیں ہوئی ہے ۔اس حوالے سے سندھ حکومت کی جانب سے امداد کو ٹھکرانے کی خبریں بے بنیاد ہیں ۔وہ ہفتہ کوتھرپارکر میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم وزیر اعظم میاں محمدنواز شریف اور وفاقی حکومت کے مشکور ہیں کہ انہوں نے تھر کے لیے اقدامات کیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تھر میں قحط سالی کی صورت حال پر قابو پانے کے لیے سندھ حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے اور جلد اس پر قابو پالیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے وزراء ،ارکان اسمبلی اور کارکنان اس کٹھن گھڑی میں تھر کے عوام کے پاس موجود ہیں ۔دریں اثناء وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے صوبائی سیکرٹری صحت اقبال درانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ۔صوبائی وزیر کی ہدایت پر30 ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم15پیرامیڈیکل اسٹاف کے ہمراہ تھرروانہ ہوگئی ہے ۔اس ٹیم کے ہمراہ ادویات کے 2ٹرک بھی روانہ کیے گئے ہیں ۔یہ ٹیم صورت حال معمول پر آنے تک تھر میں موجود رہے گی ۔