مسلم لیگ ن کا خیبر پختونخوامیں بلدیاتی انتخابات کے لئے کسی بھی پارٹی کے ساتھ اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 8 مارچ 2014 18:33

پشاور(رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2014ء) مسلم لیگ ن نے خیبر پختونخوامیں بلدیاتی انتخابات کے لئے کسی بھی پارٹی کے ساتھ اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔پشاور میں مسلم لیگ ن کے عہدیداروں کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے پارٹی کے صوبائی صدر پیر صابر شاہ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں امیدواروں کے چناؤ کے لئے ضلعی تنظیم اور عام انتخابات کے امیدواروں پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

یہ کوشش کی جائے گی کہ انتخابات میں لیگی کارکن ایک دوسرے کے مقابل نہ آجائیں ۔ ان کاکہنا تھاکہ اتحاد کے لئے کسی بھی سیاسی جماعت سے بات نہیں کی ہے کیونکہ بلدیاتی انتخابات کے لئے ایسے اتحاد فائدے کی بجائے نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف دہشتگردی اورلوڈشیڈنگ کے خاتمے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آئندہ پانچ برسو ں میں 35ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں آ جائے گی۔پیر صابر شاہ نے کہا کہ گورنر کی تبدیلی کا فیصلہ مرکزی قیادت کریگی۔