مائیکل شوماکر کو کومے سے باہر لانے کی کوشش کی جارہی ہے ،حالت بہتر نہیں ہو رہی ، ڈاکٹر

ہفتہ 8 مارچ 2014 14:14

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8مارچ 2014ء) ریسنگ کی دنیا کے معروف ڈرائیور مائیکل شوماکر کے ڈاکٹروں نے کہاہے کہ انہیں کومے سے باہر لانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم ان کی حالت میں بہتری نہیں آئی۔میڈیار پورٹ کے مطابق فارمولا ون کے سات بار چیمپیئن رہنے والے جرمنی کے ریسر مائیکل شوماکر 29 دسمبر کو فرانس میں سکیئنگ کرتے ہوئے ایک حادثے کا شکار ہو گئے تھے۔

مائیکل شوماکر کو گذشتہ برس 29 دسمبر کو فرینچ ایلپس کے پہاڑی سلسلے میں واقع میربل کے الپائن ریزارٹ میں سکیئنگ کے دوران سر پر چوٹ آئی تھی اور انھیں گرینوبل ہسپتال میں ڈاکٹروں نے کوما کی حالت میں رکھا ہوا ہے۔سکیئنگ کے دوران پھسلنے کی وجہ سے شوماکر کا سر چٹان سے ٹکرایا تھا جس سے ان کا ہیلمٹ ٹوٹ گیا تھا۔شوماکر کے دماغ سے خون کے لوتھڑے نکالنے کیلئے ڈاکٹروں نے انھیں گرینوبل ہسپتال میں آپریشن کے بعد کوما کی حالت میں رکھا تھا اور اب ڈاکٹر شوماکر کے دماغ کی سوزش کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شوماکر نے 1991 میں فارمولا ون ریسنگ کی دنیا میں قدم رکھا اور تین برس بعد پہلی گراں پری ریس جیتی تھی۔ریسنگ ٹریک پر شوماکر کو جارحانہ ڈرائیور کے طور پر جانا جاتا ہے اور وہ 2000 سے 2004 تک پانچ سال لگاتار فارمولا ون ریسنگ میں سال کے بہترین ڈرائیور ثابت ہوئے تھے۔شوماکر نے 2006 میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا تاہم 2010 میں وہ دوبارہ دنیا کے تیز ترین کھیل میں واپس آئے جیت ان کے مقدر میں نہیں تھی۔وہ 2012 میں حتمی طور پر ریسنگ سے ریٹائر ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :