گڈگورننس کے قیام کے لئے خلوص اور اپنے فرائض پوری دیانتداری سے ادا کریں،گورنر بلوچستان ، تعلیم کا فروغ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے،محمدخان اچکزئی

جمعہ 7 مارچ 2014 22:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7مارچ۔2014ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی سے جمعہ کے روز نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کراچی کے مڈکیریئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء نے ملاقات کی۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے گورنر نے سرکاری افسران پر زور دیا کہ وہ گڈگورننس کے قیام کے لئے خلوص سے کام کریں اور اپنے فرائض پوری دیانتداری سے ادا کریں۔ ان کا اولین مقصد لوگوں کی خدمت ہونا چاہیئے اور انہیں پیسہ کی بجائے نیک نامی کمانا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت بھی اس مقصد کے لئے کام کررہی ہے اور یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب اراکین صوبائی اسمبلی کو فنڈز دینے کی بجائے انہیں اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کا اختیار دیا گیا ہے جن پر متعلقہ محکمہ کے ذریعے عملدرآمد ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس طرح فنڈز کا ضیاع روکا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا فروغ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ تعلیم کا اصل مقصد کردار کی تعمیر ہے۔ انہوں نے کورس کے شرکاء کو بلوچستان کے بارے میں مختلف معلومات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ رقبہ کے لحاظ سے بلوچستان ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے تاہم یہاں کی آبادی کم اور بکھری ہوئی ہے جس کی وجہ سے ترقی کی راہ میں مشکلات حائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے بڑے مسائل میں بجلی اور پانی کی کمی شامل ہیں۔ اس موقع پر گورنر نے شرکاء کی جانب سے کئے گئے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے۔

متعلقہ عنوان :