صوبائی دارالحکومت میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیاگیا، کاہنہ کے علاقے سے مبینہ دہشتگرد سے بھاری مقدار میں بارود، ڈیٹونیٹر اور دیگر سامان برآمد

جمعہ 7 مارچ 2014 22:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7مارچ۔2014ء) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صوبائی دارالحکومت میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، کاہنہ کے علاقے سے مبینہ دہشتگرد کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں بارود، ڈیٹونیٹر اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔ ملزم نے ریلوے اسٹیشن اور دیگر مقامات پر دھماکوں کی منصوبہ بندی کا اعتراف کر لیا۔ذرائع کے مطابق پولیس اور حساس اداروں نے خفیہ اطلاعات پر لاہور کے علاقے کاہنہ میں کارروائی کی۔

(جاری ہے)

اس دوران سرفراز نامی مبینہ دہشتگرد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم آبادی سے دور کرائے کے کمرے میں رہائش پذیر تھا۔ مبینہ دہشتگرد کے قبضے سے بھاری مقدار میں باردو، ڈیٹونیٹر، ٹی این ٹی سلیب اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔ گرفتار ملزم کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس نے انکشاف کیا ہے کہ وہ لاہور میں پرانی انار کلی اور ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کرنا چاہتا تھا۔ اس مقصد کیلئے بم بھی بنا رہا تھا۔ ملزم کے مطابق شہر میں اس کے دیگر ساتھی بھی موجود ہیں۔ ملزم کے انکشافات کے بعد سکیورٹی سخت کر کے اسکے دیگر ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔