رواں سال کیلئے اپنے اہداف کے حصول کے سلسلہ میں پرامید ہیں، اخراجات کے حوالہ سے ڈسپلن کو برقرار رکھا جائیگا ،وزیر خزانہ ،ترقیاتی سرگرمیوں اور سماجی تحفظ کے پروگرام کے رقوم میں اضافہ کیا جائے گا ،اسحاق ڈارکی برطانوی وفد سے گفتگو ، پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کیلئے کام کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں ،برطانوی ہائی کمشنر

جمعہ 7 مارچ 2014 22:17

رواں سال کیلئے اپنے اہداف کے حصول کے سلسلہ میں پرامید ہیں، اخراجات ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ رواں سال کیلئے اپنے اہداف کے حصول کے سلسلہ میں پرامید ہیں، اخراجات کے حوالہ سے ڈسپلن کو برقرار رکھا جائیگا ،ترقیاتی سرگرمیوں اور سماجی تحفظ کے پروگرام کے رقوم میں اضافہ کیا جائے گا۔ جمعہ کو وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے محکمہ کے سربراہ رچرڈ منٹگری کے ہمراہ ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیر خزانہ نے برطانوی وفد کو بتایا کہ پاکستان کی معیشت بہتر ہو رہی ہے اور تمام بڑی اقتصادی اعشاریہ مثبت ہیں، ملک میں جی ڈی پی کی شرح میں اضافہ اور مہنگائی میں کمی آرہی ہے، گزشتہ 7 ماہ کے عرصہ میں ٹیکس وصولیوں کی شرح نمو 17 فیصد رہی جو گزشتہ سال 3 فیصد تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم رواں سال کیلئے اپنے اہداف کے حصول کے سلسلہ میں پرامید ہیں، اخراجات کے حوالہ سے ڈسپلن کو برقرار رکھا جائے گا جبکہ ترقیاتی سرگرمیوں اور سماجی تحفظ کے پروگرام کے رقوم میں اضافہ کیا جائے گا۔

وزیر خزانہ نے کہاکہ اقتصادی پالیسیوں میں تسلسل اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے حوالہ سے وزیراعظم کے وژن کی روشنی میں برطانیہ کے ساتھ تجارت کو وسعت دینے کی بڑی صلاحیت ہے۔ اسحاق ڈار نے برطانوی ہائی کمشنر کو اپنے حالیہ دورہ افغانستان اور وہاں پاکستان کی مالی معاونت سے شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔

انہوں نے کہاکہ برطانیہ پاکستان کے توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں دستیاب مواقع سے استفادہ کرنے کیلئے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرے۔ اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے کہاکہ پاکستان کی ترقی ہمارے تعلقات کی کلید ہے، ہم پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کیلئے کام کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

انہوں نے حکومت پاکستان کی میرٹ اور شفافیت کے حوالہ سے پالیسیوں کو سرہتے ہوئے کہاکہ جمہوریت میں حکومت کی بنیادی پالیسی ٹیکس جمع کرنا اور وسائل کو ترقیاتی کاموں کیلئے مختص کرنا ہے۔ انہوں نے سیکورٹی مسائل کے باوجود وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے جلال آباد کے دورہ کو سراہا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے اپنی حکومت کی جانب سے خطے میں امن و خوشحالی لانے کیلئے پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرنے کا عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ کاسا1000- اور انرجی کوریڈور کے منصوبوں سے علاقائی تجارت کو فروغ ملے گا۔ برطانیہ ان منصوبوں میں مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو یقین دہانی کرائی کہ ان کا ملک پاکستان کو اقتصادی مسائل کے حل اور غیر ملکی سرمایہ کاری لانے میں مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ اس موقع پر رچرڈ منٹگمری نے کہاکہ یو کے ایڈ پاکستان زرعی فنانسنگ کی فراہمی کیلئے سٹیٹ بینک آف پاکستان، تخفیف غربت فنڈ اور بینکنگ سیکٹر کے ساتھ ملکر کام کر رہا ہے۔ اس اقدام سے پاکستان کے زراعت کے شعبہ میں اختراعی طریقوں اور مالی خدمات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :