وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلیو ایریا سے اغوا کیا جانیوالا نوجوان بازیاب کروا لیا گیا، اغوا کار افغان گروہ مغوی نوجوان کو خودکش حملہ آور بننے کی ترغیب دیتا رہا

جمعہ 7 مارچ 2014 19:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7مارچ۔2014ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلیو ایریا سے اغوا کیا جانیوالا نوجوان بازیاب کروا لیا گیا۔ اغوا کار افغان گروہ مغوی نوجوان کو خودکش حملہ آور بننے کی ترغیب دیتا رہا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے اسلام آباد کے تجارتی مرکز بلیو ایریا سے اغوا کئے جانیوالے 23 سالہ نوجوان کو بازیاب کروا لیا اور اغواکار گروپ کے ایک رکن عمر خان عرف قیس کو گرفتار کر لیا پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ذیشان کو منی لانڈرنگ کرنیوالے افغان گروہ نے اغوا کیا تھا۔

گروہ کے اراکین نے پاکستانی شناختی کارڈ بھی بنوا رکھے ہیں۔ مغوی ذیشان کو پندرہ روز تک جی الیون کے ایک گھر میں رکھا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اغوا کار مغوی نوجوان کو خود کش حملہ آور بننے کی ترغیب بھی دیتے رہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ذیشان نے کہاکہ ملزموں نے اسے جاسوس سمجھ کر اغوا کیا تھا اور ملزم مجھے بے پناہ تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔ ذیشان نے کہاکہ گروہ میں شامل افراد افغانی ہیں اور سب نے پاکستانی شناختی کار ڈ بنا ر کھے ہیں۔