عوام کو بہترین طبی خدمات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،شوکت علی یوسفزئی ،ہسپتالوں میں عملے کی حاضری اور ڈاکٹروں کی کمی پوری کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں،وزیر صحت خیبرپختونخوا

جمعہ 7 مارچ 2014 19:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7مارچ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ ہسپتالوں میں عوام کو بہترین طبی خدمات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔طبی تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات متعلقہ شعبہ جات میں عملی خدمات کو ترجیح دیں۔ہسپتالوں میں عملے کی حاضری اور ڈاکٹروں کی کمی پوری کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

موجودہ حکومت نے مختصر عرصے میں مختلف ہسپتالوں میں256ڈاکٹروں ،بنیادی مراکز صحت کی سطح پر46میڈیکل افسروں اور پبلک سروس کمیشن کے ذریعے257نرسوں کی تعیناتی کو یقینی بنایا ہے جبکہ349نرسیں عارضی بنیادوں پر بھی تعینات کی گئی ہیں مزید برآں کنٹریکٹ بنیادوں پر 343ملازمین کو مزید توسیع دی گئی ہے اور مختلف اضلاع میں ٹیکنیشنز کی بھرتیوں کا عمل بھی95فیصد مکمل ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح میڈیکل کالج میں منعقدہ بیج2014کے طلباء و طالبات کی الوداعی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی غیر حاضری اور کمی کی وجوہات کا مکمل سد باب کیا جا رہا ہے۔ نئے ڈاکٹروں اور ٹیکنیشنز کی تعیناتیوں کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں کی ترقی کی راہ بھی ہموار کی جا رہی ہے۔

انہوں نے یقین دلایاکہ ڈاکٹروں کے لئے صوبائی حکومت کی طرف سے تشکیل کردہ سروس سٹرکچر سے ان کو درپیش مسائل کا ازالہ ہو جائے گا۔ انہوں نے شعبہ طب کے طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ عوامی خدمت کے جدبہ کے تحت ہسپتالوں میں عملی خدمات سر انجام دینے کے لئے خود کو تیار کریں انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :