Live Updates

تحریک انصاف نے رانابھگوان داس کی بطور چیف الیکشن کمشنرتقرری کی مخالفت کردی، جانبدار اور متعصب اراکین کی موجودگی میں چیف الیکشن کمشنر آزادانہ اور موثر انداز میں اپنے فرائض سرانجام دینے اور ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کو شفاف انداز میں چلانے سے قاصر رہیں گے، رانا بھگوان داس جیسی قابل احترام شخصیت، کو چیف الیکشن کمشنر جیسے بے اختیار عہدے پر مقرر کر کے ان کی بے قدری سے گریز کیا جائے،عمرا ن خان

جمعہ 7 مارچ 2014 18:32

تحریک انصاف نے رانابھگوان داس کی بطور چیف الیکشن کمشنرتقرری کی مخالفت ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7مارچ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف نے جسٹس(ر) رانا بھگوان داس کی شخصیت اور ملک کیلئے ان کی گرانقدر خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے بطور چیف الیکشن کمشنر ان کی تقرری کی مخالفت کی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ جانبدار اور متعصب اراکین کی موجودگی میں چیف الیکشن کمشنر آزادانہ اور موثر انداز میں اپنے فرائض سرانجام دینے اور ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کو شفاف انداز میں چلانے سے قاصر رہیں گے چنانچہ رانا بھگوان داس جیسی قابل احترام شخصیت، کو چیف الیکشن کمشنر جیسے بے اختیار عہدے پر مقرر کر کے ان کی بے قدری سے گریز کیا جائے۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا جب تک ہر قسم سے سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر بالکل شفاف انداز میں بامعنی مشاورت کے ذریعے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تمام اراکین کا تقرر عمل میں نہیں لایاجاتا، چیف الیکشن کمشنر اپنے ادارے کی آزادی اور شفافیت برقرار رکھنے سے قاصر رہیں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف الیکشن کمیشن کے ممبران کے جانبدارانہ رویے کے باعث بدترین دھاندلی کا نشانہ بنی جس کے بارے میں ”پنکچرز“ نامی اصطلاح زبان زد عام ہو رہی ہے اور ہم نے دیکھا کہ بے اختیار چیف الیکشن کمشنر، کمیشن کے دیگر اراکین خصوصاً پنجاب کے رکن کے کھلے تعصب پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام رہے۔

الیکشن کمیشن کی تقرری پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے چیف الیکشن کمشنر مقرر کرتے وقت پاکستان تحریک انصاف سے واجبی سے مشاورت کی جبکہ کمیشن کے دیگر چار اراکین کی تقرری کے دوران ملک کی دوسری بڑی سیاسی جماعت کو یکسر نظر انداز کیا گیا اور نہ تو مشاورت کی ضرورت محسوس کی گئی اور نہ ہی اعتماد میں لیا گیا جسکی بے انتہا مذمت کرتے ہیں۔

اپنے بیان میں جسٹس(ر) رانا بھگوان داس کی دیانتداری اور ملک کیلئے ان کی گرانقدار خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ حکومت انہیں بے اختیار عہدے پر بیٹھا کر ان کی ذات اور خدمات کی توہین سے اجتناب کرے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہم ایسا بے اختیار الیکشن کمیشن قبول نہیں کریں گے جس کے اراکین ، سیاسی عزائم رکھتے ہوں اور جن کے جانبدارانہ رویے اور انتخابات کے روز براہ راست مداخلت پورے انتخابی عمل کو آلوہ کرنے اور انتخابات کی شفافیت کو ساکھ پہنچانے کا موجب رہی ہو۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات