'ظالمان' نے پاکستان کو تباہ کرنے کی سپاری لے رکھی ہے، رحمان ملک

جمعہ 7 مارچ 2014 14:26

'ظالمان' نے پاکستان کو تباہ کرنے کی سپاری لے رکھی ہے، رحمان ملک

اسلام آ باد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7مارچ 2014ء) سابق وزیرداخلہ اور پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک نے کہا ہے کہ مجھے حکومت نہیں بلکہ ‘ظالمان’ کی نیت پر شک ہے انھوں نے پاکستان کو تباہ کرنے کی سپاری لے رکھی ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ مجھے طالبان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی نیتوں پر کوئی شک نہیں ہے لیکن ‘ظالمان’ کی نیت پر شک ہے، وہ ایک طرف تو حکومت کو مذاکرات کے چکر میں لگائے رکھے گے اور دوسری جانب اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے، ‘ظالمان’ نے پاکستان کو تباہ کرنے کی سپاری لے رکھی ہے، جن پاکستان دشمن عناصر سے انھوں نے پیسے لے رکھے ہیں وہ اس کے بدلے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے اس لئے مذاکرات کے ساتھ ساتھ حکومت کو تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کے تحفظ کے لئے بھی اقدامات کرنے چاہیئیں۔

(جاری ہے)

رحمان ملک کا کہنا تھا کہ ‘ظالمان’ پاکستان اور اسلام کے مخالف ہیں، طالبان کے تمام گروپوں کی ‘نانی’ ایک ہی ہے، پاکستان میں دہشت گردی کی لہر ختم ہوتی نظر نہیں آ رہی۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم صاحب کو چاہیئے کہ وہ افغان صدر حامد کرزئی سے بات کر کے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ ملا فضل اللہ کو واپس پاکستان لانے کے لئے اقدامات کریں، پاکستان نے بھی ملا برادر کو افغانستان کے حوالے کیا تھا، اگر ملا فضل اللہ پاکستان آ گئے تو تمام کارروائیاں بند ہو جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :