ایشیا کپ فائنل، پاکستان اور سری لنکا کل مدمقابل ہوں گے

جمعہ 7 مارچ 2014 14:25

ایشیا کپ فائنل، پاکستان اور سری لنکا کل مدمقابل ہوں گے

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7مارچ 2014ء) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل کل کھیلا جارہا ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک مقابلوں کے اعداد و شمار پر نظر ڈالی جائے تو پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں 138ون ڈے میچز میں مدمقابل آچکی ہیں۔ جن میں سے80 پاکستان نے جیتے جبکہ53 میں لنکن ٹائیگرز بازی لے گئے۔

بنگلہ دیش کی سرزمین پر دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچز ہوچکے ہیں جن میں سے تین پاکستان اور دو سری لنکا کے نام رہے۔

ایشیا کپ میں دونوں ٹیمیں اب تک 13 مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں، جس میں سے پاکستان صرف چار مرتبہ جیتا جبکہ نو مرتبہ سری لنکن ٹیم کامیاب رہی۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیمیں اس سے قبل دو بار ایشیا کپ کی ٹرافی کے لئے آمنے سامنے آچکی ہیں۔

1986 میں سری لنکا جبکہ2000 ء میں پاکستان کی ٹیم سرخرو ہوئی۔ مجموعی طور پر یہ دونوں ٹیموں کے درمیان کسی بھی ٹورنامنٹ کا 13واں فائنل ہے۔

اس سے قبل 12 فائنلز میں سے چھ پاکستان جیتا اور چھ میں ہی سری لنکا۔اس میچ میں ممکنہ سنگ میل کی بات کی جائے تو شاہد آفریدی کو اپنے کیریئر کی 500 انٹرنیشنل وکٹیں مکمل کرنے کیلئے صرف ایک وکٹ درکار ہے۔ امکان ہے کہ اگر بولنگ میں ان کا جادو چل گیا تو وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے چوتھے پاکستانی بن جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :