سندھ ہائی کورٹ نے تھر میں بچوں کی اموات کا نوٹس لے لیا

جمعہ 7 مارچ 2014 14:22

سندھ ہائی کورٹ نے تھر میں بچوں کی اموات کا نوٹس لے لیا

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7مارچ 2014ء) چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے تھر میں قحط سالی اور بچوں کی اموات کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری ،سیکریٹری خوراک اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ سے 14 مارچ تک جواب طلب کرلیا۔چیف جسٹس نے حکم دیاہے کہ بتایا جائے کہ حکومت نے قحط سالی اور اموات کے تدارک کیلئے کیا اقدامات کئے۔

سندھ ہائیکورٹ بار نے چیف جسٹس ،جسٹس مقبول باقر کو تھر میں ہونے والی اموات اور قحط سالی سے متعلق بذریعہ خط آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

خط میں بتایا گیا ہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق تھر پارکر کی پانچ تحصیلوں میں اب تک 121 بچوں کی اموات ہوچکی ہیں جبکہ قحط سالی کے باعث یومیہ پانچ بچے موت کا شکار ہورہے ہیں۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت سندھ کے گوداموں میں ساٹھ ہزار میٹرک ٹن گندم سڑ رہی ہے لیکن حکومت نے اس کی تقسیم کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے۔

چیف جسٹس نے ہائیکورٹ بار کے خط کو آئینی درخواست میں تبدیل کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ،سیکریٹری خوراک اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ سے 14 مارچ تک جواب طلب کرتے ہوئے حکم دیاہے کہ بتایا جائے کہ حکومت نے قحط سالی اور اموات کے تدارک کیلئے کیا اقدامات کئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :