کوئٹہ میں جاتی سردیوں کی بارش سے موسم خوبصورت ہوگیا

جمعہ 7 مارچ 2014 11:54

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7مارچ 2014ء) کوئٹہ میں جاتی سردیوں کی بارش سے موسم خوبصورت ہوگیا۔ وادی کوئٹہ میں مطلع تو صبح سے ابرآلود تھا ،مگر بادل وادی کے ایک سمت کے پہاڑ سے دوسری سمت کے پہاڑ تک اٹھکیلیوں میں مصروف تھے۔ سہ پہر کو بجلی کڑکی اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش شروع ہوگئی ،بارش کے ساتھ ساتھ ہی کچھ دیر کے لیے ژالہ باری بھی ہوئی جس سے لوہے کی چادر کی چھتوں پر پڑنے والی بارش اور ژالہ باری کی آواز نے سماں باندھ دیا ۔

(جاری ہے)

موسم بہار کی آمد کا اعلان کرتی بارش سے درخت ،پھول پتے اور پودے دھل گئے۔وادی میں چہار سو بارش کے بعد پھیلی بھینی بھینی خوشبو سے ماحول مزید خوشگوار ہوگیا۔بارش کے بعد وادی کے صاف ستھرے آسمان پر قوس قزح کے خوبصورت رنگ بکھرے تو سارا منظر مزید حسین اور رنگین ہوگیا۔کچھ ہی دیر کی بارش سے شہر کی سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑا،محکمہ موسمیات نے کوئٹہ ڈویژن سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی طورپرابرآلود رہنے اور ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔