Live Updates

آشیانہ فیصل آباد اور ساہیوال کیلئے پلاٹوں اور گھروں کی قرعہ ا ندازی اور الاٹمنٹ کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل ، کمیٹی تمام امو ر کا جائزہ لے کر جلد رپورٹ پیش کریگی،وزیراعلیٰ پنجاب کا آشیانہ ہاؤسنگ سکیموں میں اوورسیز کیلئے پلاٹس کا مختص کوٹہ ختم کر نے کا اعلان ،آشیانہ اقبال میں 10ہزار گھر بنائے جائینگے،آشیانہ ہاؤسنگ پراجیکٹ میں شفافیت ، میرٹ اور معیار کو بنیاد بنایا گیاہے جو کہ پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے،پراجیکٹ کا دائرہ کار مزید بڑھائیں گے ،آشیانہ ہاؤسنگ پراجیکٹ وسائل عوام پر خرچ کرنے کا شاندا ر منصوبہ ہے ‘شہبازشریف کا آشیانہ ہاؤسنگ سکیموں کے حوالے سے تقریب سے خطاب

جمعرات 6 مارچ 2014 21:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ پراجیکٹ کا مقصد کم آمدن والے بے گھر افرادکا اپنی چھت کا خواب پورا کرنا ہے، آشیانہ قائد میں سینکڑوں بے گھر افراد کو اپنی چھت فراہم کی گئی ہے اوراب آشیانہ اقبال پر بھی جلد کام کا آغاز کیا جا رہاہے، آشیانہ اقبال میں کم آمدن والے بے گھر افراد کو رہائش کی فراہمی کے لئے 10ہزار گھر تعمیر کئے جائیں گے،آشیانہ ہاؤسنگ پراجیکٹ کا آغاز سابق دو ر میں کیا گیا اور لاہور کے بعد آشیانہ سکیموں کا دائرہ کار دیگر بڑے شہروں تک بڑھایا گیاہے ، آشیانہ ہاؤسنگ سکیمیں پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بنائی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سکیموں سے فائدہ ا ٹھا سکیں،وزیراعلی نے آشیانہ ہاؤسنگ سکیموں میں اوورسیز کے لئے پلاٹس مختص کرنے کا کوٹہ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان سکیموں کا بنیادی مقصد کم آمدن والے طبقات کو گھروں کی فراہمی ہے اورتمام ہاؤسنگ سکیموں کے لئے یکساں طریقہ کار اختیار کیا جانا چاہیے کیونکہ کم آمدن والے تمام طبقات کا آشیانہ ہاؤسنگ سکیموں پر پورا حق ہے،وزیراعلیٰ نے آشیانہ فیصل آباد اور ساہیوال کیلئے پلاٹوں اور گھروں کی قرعہ ا ندازی اور الاٹمنٹ کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ یہ کمیٹی تمام امو ر کا جائزہ لے کر جلد رپورٹ پیش کرے گی جس کی روشنی میں دوبارہ قرعہ اندازی او رالاٹمنٹ کرائی جائے گی۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کے روز یہاں آشیانہ ہاؤسنگ سکیموں کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک ، پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات رانا محمد ارشد، چیئرمین پنجا ب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی و ممبر صوبائی اسمبلی شیخ علاؤ الدین ،ایم پی اے رؤف مغل اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آشیانہ ہاؤسنگ پراجیکٹ وسائل عوام پر خرچ کرنے کا بے مثال منصوبہ ہے۔

جس کے ذریعے بے گھر افراد کا اپنی چھت کا خواب پورا ہورہاہے۔آشیانہ ہاؤسنگ سکیموں میں بہترین او ر معیاری رہائشی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آشیانہ ہاؤسنگ پراجیکٹ ایک زبردست فلاحی منصوبہ ہے اور اس پروگرام کو پوری قوت اور توجہ کے ساتھ تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔انہوں نے کہاکہ آشیا قائد کی کامیابی کے بعد لاہو ر میں ائیر پورٹ کے نزدیک آشیانہ اقبال پر بھی بہت جلد کام کا آغاز کیا جا رہا ہے او ریہاں ایسے کم آمدنی والے خاندانوں کیلئے 10ہزا ر گھر تعمیر کئے جائیں گے جو کرایوں پر رہنے کے لئے مجبور ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آشیانہ ہاؤسنگ پراجیکٹ ایک ایسا نوبل منصوبہ ہے جس سے دین و دنیا دونوں حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ اس منصوبے پر کام کرنے والے محنت اور جذبے کے سا تھ کام کریں۔ آشیانہ ہاؤسنگ پراجیکٹ میں شفافیت ، میرٹ اور معیار کو بنیاد بنایا گیاہے جو کہ پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے آئندہ بھی شفافیت ،میرٹ اور معیار کو ہی ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ آئندہ ساڑھے چا رسالوں میں آشیانہ ہاؤسنگ پراجیکٹ کا دائرہ کار پنجاب کے دیگر شہروں میں پھیلا دیں گے۔

وزیراعلیٰ نے فیصل آباد اور ساہیوال کی آشیانہ ہاؤسنگ سکیموں کے گھروں اور پلاٹس کی الاٹمنٹ اور قرعہ اندازی کے عمل کا بغور جائزہ لینے کے بعد عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا اور اوورسیز کے لئے پلاٹس کا کوٹہ منسوخ کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہاکہ گھروں اور پلاٹس کی الاٹمنٹ اور قرعہ اندازی کے لئے یکساں طریقہ کار اپنایا جائے تاکہ کسی شک وشبہ کی گنجائش نہ رہے اور کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔

بعد ازاں وزیراعلیٰ نے میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے بتایاکہ آشیانہ ہاؤسنگ سکیموں کے لئے آج کی قرعہ اندازی موخر کی جا رہی ہے اور اس ضمن میں ایک کمیٹی بنائی جائے گی جو کہ پورے طریقہ کار کا دوبارہ جائزہ لے گی او راگر کوئی سقم یا خامی سامنے آئی تو دور کیا جائے گا۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات