فرنٹیئر کور بلوچستان ملک کی ایک بڑی اور مؤثر فورس ہے ، محمد خان اچکزئی ،فورس غیر قانونی اسلحہ اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کیساتھ ساتھ صوبے میں امن وامان قائم کرنے کی بھی ذمہ دارہے ، گورنر بلوچستان،فرنٹیئر کو ر کے لاتعداد جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اپنی ذمہ داری کو مثالی طریقہ سے پورا کیا ، پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر خطاب

جمعرات 6 مارچ 2014 21:29

لورالائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6مارچ۔2014ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ فرنٹیئر کور بلوچستان پاکستان کی ایک بڑی اور مؤثر فورس ہے جو نہ صرف افغانستان اور ایران کے ساتھ ملنے والی طویل سرحدکی نگہبانی ہے بلکہ غیر قانونی اسلحہ اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے ساتھ ساتھ صوبے میں امن وامان قائم کرنے کی بھی ذمہ دارہے اور اب تک فرنٹیئر کو ر کے لاتعداد جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اپنی اس ذمہ داری کو مثالی طریقہ سے پورا کیا ہے وہ جمعرات کے روز فرنٹیئر کور بلوچستان کے ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ فرنٹیئر کور بلوچستان صوبے کی تعمیر وترقی اور فلاح وبہبود میں بھی قابل ذکر کردار ادا کر رہی ہے گورنر نے اس بات پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا کہ اس پاسنگ آؤٹ پریڈ میں پورے ملک سے سولہ سو سے زائد ریکروٹس اپنی تربیت مکمل کرکے ایف سی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تعینات دستوں میں شمولیت اختیار کرنے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث اطمینان اورقابل تحسین ہے کہ پاکستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے نوجوان فرنٹیئر کور میں شمولیت اختیار کرکے بلوچستان کے علاقوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ ملک وقوم کے دفاع اور خدمت کا فریضہ احسن طریقہ سے سر انجام دیتے ہوئے قومی دھارے میں شامل ہورہے ہیں انہوں نے ریکروٹس سے کہا کہ ملک اور بالخصوص بلوچستان کو دہشت گردی اور بدامنی جیسے مسائل کا سامنا ہے ان حالات میں فرنٹیئر کور بلوچستان میں آپ کی شرکت آپ کے لئے بھی ایک چیلنج ہے آپ کوآنے والے وقت میں اپنے فرائض کی ادائیگی اور ملک وقوم کی سربلندی کے لئے ہر قسم کی تکالیف کا سامنا بھی کرنا ہوگا تاہم ہمیں آپ کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے اور یقین ہے کہ آپ قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور حکومت پاکستان آپ کو وہ تمام وسائل اور ذرائع مہیا کریگی جن سے آپ کی تربیت ، طاقت اور کارکردگی کے معیار میں مزید بہتری لائی جاسکے اور آپ یکسوئی اور اطمینان سے اپنے فرائض انجام دے سکیں انہوں نے ریکروٹس کو ان کی تربیت کی کامیاب تکمیل پر مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ آج قوم نے آپ کے کندھوں پر ایک بھاری ذمہ داری کا بوجھ ڈالا ہے جس کے لئے ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ پر اعتماد اور اعلیٰ تربیت کی سخت ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ ملک کی تن من دھن سے خدمت آپ کا مشن ہونا چاہیے اس سے قبل گورنر نے پریڈ کا معائنہ کیا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریکروٹس میں انعامات بھی تقسیم کئے۔