پنجاب یوتھ فیسٹیول :ایجوکیشن سیکٹر میں بیڈ منٹن، کرکٹ اور کبڈی کے مقابلے ختم ہو گئے،انٹریونیورسٹی کبڈی کا فائنل یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب نے جیت لیا،کبڈی کا مقابلہ پنجاب کالج لاہور نے جیتا،بیڈ منٹن کا کالج کی سطح کا فائنل لاہور نے جیتا،کرکٹ کا میچ سرگودھا یونیورسٹی اور پنجاب کالج آف لاہور نے جیت لیا

جمعرات 6 مارچ 2014 20:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6مارچ۔2014ء) پنجاب یوتھ فیسٹیول کے ایجوکیشن سیکٹر میں بیڈمنٹن، کرکٹ اور کبڈی کے مقابلے اختتام پزیر ہو گئے انٹر یونیورسٹی کبڈی کا ٹائٹل یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب نے جیت لیا۔ فائنل میچ میں سرگودھا یونیورسٹی کو 31 کے مقابلے 51 پوائنٹس سے شکست دی جبکہ کالج کی سطح پر ہونے والا کبڈی کا مقابلہ پنجاب کالج لاہو ر نے جیت لیا۔

فائنل میچ میں پنجاب کالج لاہور نے پنجاب کالج فیصل آباد کو 56-48 سے ہرایا۔ کرکٹ کے یونیورسٹی لیول مردوں کے مقابلے میں سرگودھا یونیورسٹی نے یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کو جبکہ کالج کی سطح پر ہونے والے مقابلے میں پنجاب کالج آف کامرس لاہور نے پوسٹ گریجویٹ کالج ملتان کو شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کی۔ پنجاب یونیورسٹی سپورٹس ہال میں یونیورسٹی طلباء کے مابین بیڈ منٹن کے مقابلے پنجاب یونیورسٹی کے نام رہے ۔

(جاری ہے)

فائنل میں پنجاب یونیورسٹی نے سرگودھا یونیورسٹی کو 2-0کے سیٹ سے شکست دی ۔ مختلف کالجوں کے مابین بیڈمنٹن مقابلوں میں لاہو رکی ٹیم نے سرگودھا کو 2-0کے سیٹ سے شکست دے کر فائنل ٹرافی اپنے نام کی۔ مقابلوں کے اختتام پر ٹورنامنٹ کے نمایاں کھلاڑی اور پنجاب کالج ٹیم کی نمائندگی کرنے والے عمار کا کہنا تھا کہ انہیں سپورٹس فیسٹیول کے زیر اہتمام ان مقابلوں میں شرکت کرنا بہت اچھا لگا اور ان مقابلوں کے دوران ان کا سامنا سخت حریفوں سے ہوا جس سے ان کے کھیل اور تجربہ میں اضافہ ہوا ہے۔ ایک اور کھلاڑی سبحان کا کہنا تھا کہ سپورٹس فیسٹیول نے نوجوانوں میں مقابلوں کی فضاء پیدا کردی ہے اس طرز پر حکومت کو ہر سال یہ مقابلے باقاعدگی سے منعقد کرانے چاہیں۔