پنجاب یوتھ فیسٹیول ‘انٹرڈویژن کبڈی ،باکسنگ اور ویمن کرکٹ کے مقابلے ختم ہوگئے ،لاہور باکسنگ کا چمپئن بن گیا،باکسنگ میں ذوالقرنین، شاہ زیب ،اور حمزہ فیاض نے گولڈ میڈل جیتے،ویمن کرکٹ کی چمپئن ٹرافی بھی لاہور ڈویژن نے جیت لی

جمعرات 6 مارچ 2014 20:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6مارچ۔2014ء) پنجاب یوتھ فیسٹیول انٹر ڈویژن سطح پر کبڈی،باکسنگ اور ویمن کرکٹ کے مقابلے اختتام پذیر ہو گئے۔ ریلوے سٹیڈیم گڑھی شاہو میں منعقد ہونے والے انٹر ڈویژن کبڈی ایونٹ کے فائنل میں ساہیوال نے گوجرانوالہ کو سخت مقابلے کے بعد 56-51 سے مات دیدی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے سہیل، اکبر اور راشد نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔

بیڈ منٹن کے انٹر ڈویژن ایونٹ میں گوجرانوالہ نے راولپنڈی کو 2-1کیسیٹ سے شکست دے کرپنجاب سپورٹس فیسٹیول میں ہونے والے جنرل پبلک مقابلوں کی فائنل ٹرافی جیت لی۔باکسنگ چیمپیئن شپ کا ٹائٹل لاہور نے 45 پوائنٹس کے ساتھ جیت لیا۔ سول لائنز کالج میں منعقد ہونے والے مقابلوں میں 9 ڈویژن کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ تین ویٹ کیٹگریز منفی 55، منفی 65 کلو گرام اور پلس 75 کلو گرام میں مقابلوں ہوئے، لاہور ڈویژن کے باکسرز ذوالقرنین، شاہ زیب اور حمزہ فیاض نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا فیصل آباد ڈویژن نے دوسری جبکہ سرگودھا ڈویژن نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

حمزہ فیاض کو بہترین باکسر قرار دیا گیا۔ انٹر ڈویژن ویمن کرکٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں لاہور ڈویژن نے گوجرانوالہ کو 65 رنز سے مات دیدی۔ کنیئرڈ کالج میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں لاہور ڈویژن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 94 رنز بنائے۔ فریال نے 54 اور عالیہ نے 32 رنز بنائے۔ جواب میں گوجرانوالہ ڈویژن کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر صرف 29 رنز بنا سکی۔ غلام فاطمہ اور خدیجہ نے 6 ، 6 رنز سکور کیے۔ لاہور ڈویژن کی جانب سے ارم جاوید نے تین اور فریال نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ عنوان :