امریکی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کی کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی، طالبان کسی بھی ملک میں دفتر کھولنے کے فیصلہ میں آزاد ہیں ،ترجمان دفتر خارجہ

جمعرات 6 مارچ 2014 20:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6مارچ۔2014ء) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پا کستان اور امریکہ دونوں ہی دہشت گردی کا خاتمہ اور اس خطہ میں امن اور سلامتی چاہتے ہیں ۔امریکی دفتر خارجہ نے جان کیری کے دورہ پاکستان کا اعلان کیا ہے تاہم ان کے دورے کے حوالے سے ابھی کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی ہے۔طالبان کسی بھی ملک میں دفتر کھولنے کا فیصلہ کرنے میں آزا دہیں۔

جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے امن مذاکرات اور امریکہ کی حمایت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ دونوں ہی دہشت گردی کا خاتمہ اور اس خطہ میں امن اور سلامتی چاہتے ہیں ۔امریکی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں دفتر خارجہ کی ترجمان نے بتایا کہ امریکہ کے دفتر خارجہ نے اس بات کا اعلان کیا ہے تاہم ان کے دورے کے حوالے سے ابھی کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

طالبان کی جانب سے کسی مسلم ملک میں دفتر کھولنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ میرے پاس اس حوالے سے معلومات نہیں ہیں ، یہ پاکستان کا مسئلہ نہیں ہے اگر وہ دفتر کھولنا چاہیں تو وہ ایسا کرنے کا فیصلہ کرنے میں آزاد ہیں۔ افغانستان کے ساتھ سرحدوں کے انتظام ( بارڈر مینجمنٹ) کے حوالے سے رابطوں میں ہیں،مسلح افواج کے دستے پہلے ہی افغانستان کی سرحد پر تعینات ہیں۔