پاکستان نے بھارتی یونیورسٹی سے نکالے جانیوالے کشمیری طلباء کے لئے تعلیمی اداروں کے دروازے کھول دئیے ہیں ،تسنیم اسلم ،انٹرا کشمیر تجارت کیلئے بھارت کو انکوائری کیلئے ڈرائیور کو رہا کرناہوگا ،افغانستان سے غیر ملکی افواج کی واپسی کے بعد خانہ جنگی کا خطرہ ہے ،براہ راست اثر پاکستان پر پڑیگا، پاکستان افغانستان میں استحکام کیلئے کردار ادا کریگا، چین، پاکستان کا سٹریٹجک پارٹنر ہے ،دونوں ممالک کا سیاسی دفاعی اور بین الاقوامی امور پر مشترکہ موقف ہے، سعودی عرب کی مسلح افواج کے افسران اور اہلکاروں کو پاکستان تربیت دیتاہے ،سعودی عرب نے پاکستان سے اسلحہ کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے،سعودی عرب سمیت خلیج کے دیگر ممالک کیساتھ پاکستان کے بہترین دوستانہ تعلقات ہیں ،یوکرائن میں امن کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد راستہ ہے، ترجمان دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ ۔ تفصیلی خبر

جمعرات 6 مارچ 2014 20:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6مارچ۔2014ء) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارتی یونیورسٹی سے نکالے جانے والے کشمیری طلباء کے لئے ہمارے تعلیمی اداروں کے دروازے کھلے ہیں ۔انٹرا کشمیر تجارت کے لئے بھارت کو ڈرائیور کو رہا کرناہوگا تاکہ انکوائری کی جاسکے ۔افغانستان سے غیر ملکی افواج کی واپسی کے بعد خانہ جنگی کا خطرہ ہے جس کا براہ راست اثر پاکستان پر پڑے گا۔

پاکستان افغانستان میں استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کریگا۔ چین، پاکستان کا سٹریٹجک پارٹنر ہے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی دفاعی اور بین الاقوامی امور پر مشترکہ موقف ہے ۔ سعودی عرب کے مسلح افواج کے افسران اور اہلکاروں کو پاکستان تربیت دیتاہے ۔ سعودی عرب نے پاکستان سے اسلحہ کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے ۔

(جاری ہے)

سعودی عرب سمیت خلیج کے دیگر ممالک کے ساتھ پاکستان کے بہترین دوستانہ تعلقات ہیں ۔

یوکرائن میں امن کے لئے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد راستہ ہے ۔ جمعرات کو دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفگ دیتے ہوئے ترجمان تسنیم اسلم نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بھارتی ریاسست اترپردیش کی یونیورسٹی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کامیابی کا جشن منانے والے کشمیری طلبا ء پر بغاوت کے الزامات لگانا بدقسمتی ہے ۔ کشمیری طلبا ء کے لئے پاکستان کے تعلیمی اداروں کے دروازے کھلے ہیں پاکستان ان کشمیری طلبا ء کو خوش آمدید کہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اوربھارت کے درمیان کنٹرول لائن پر تجارت کے حوالے سے اجلاس تعمیری تھا ۔انٹرا کشمیر تجارت کے لئے بھارت کو ڈرائیور کو رہا کرناہوگا تاکہ انکوائری کی جاسکے ۔ ترجمان نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان تعلقات سے پوری دنیا آگاہ ہے چین پاکستان کا اسٹریٹجک پارٹنر ہے دونوں ممالک کے درمیان ریجنل اور بین الاقوامی امور پر مکمل اہم اہنگی پائی جاتی ہے ۔

بھارت بین الاقوامی دنیا میں اسلحہ کا بڑا خرید اہے اور پاکستان خطے میں استحکام اور امن کے لئے توازن کی سطح کو برقرار رکھنے کے لئے اپنی ضرورت کو مدنظر رکھ کر اسلحہ خریدتا ہے ۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان انتہائی بہترین تعلقات ہیں پاکستان سعودی عرب کی مسلح افواج کے افسران اور اہکاروں کو فوجی تربیت دیتاہے ۔ خلیج کے دیگر ممالک کے بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات بہترین ہیں ۔

سعودی عرب نے پاکستانی میں تیار کئے جانے والے ایف 17 تھنڈر اور دیگر تربیتی طیارے خرید نے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کررہا ہے ۔ افغانستان سے غیر ملکی افواج کی واپسی کے بعد افغانستان میں امن قائم رکھنا ایک بڑا چیلنج ہے ۔ جانہ جنگی کی صورت میں اس کا براہ راست اثر پاکستان پر پڑے گا۔ پاکستان افغان میں استحکام کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ یوکرائن کے مسلے کو حل کرنے کے لئے مزاکرات اور سفارت کاری ایک بہترین راستہ ہے ۔