پولیس اسلحہ سکینڈل ، نیب نے اپنا جوابی دعویٰ پشاور ہائیکورٹ میں داخل کرا دیا

جمعرات 6 مارچ 2014 19:09

پشاور(رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6مارچ۔2014ء) نیب نے پولیس اسلحہ سکینڈل میں گرفتار ہونیوالے رضا علی خان کیس میں اپنا جواب دعوی پشاور ہائیکورٹ میں داخل کرادیاہے۔ عدالت عالیہ پشاور کے جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سابق وزیراعلی امیر حیدر ہوتی کے بھائی غزن ہوتی کے برادر نسبتی رضا علی خان کی درخواست ضمانت کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

نیب کی طرف سے جواب دعوی عدالت میں داخل کرادیا گیا- جواب دعوی میں رضاعلی خان کے مزید ریمانڈ کی درخواست کی گئی ہے اوریہ موقف اپنایا گیا ہے کہ نیب آرڈیننس کے تحت 90 دن تک کا ریمانڈ دیا جاسکتاہے ۔ جواب دعوی میں رضا علی خان کے ملائیشیا  دوبئی اور افغانستان کے ایک ماہ کے دوران پینتالیس مختلف دوروں کا ریکارڈ بھی پیش کیا گیا ہے اور غزن ہوتی کے ساتھ ای میل رابطے کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ رضا علی خان مزید تحقیقات کیلئے نیب کو درکار ہے تاکہ اسلحہ سکینڈل کیس کی تفتیش مکمل کی جائے -رضا علی خان کی طرف سے گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ہائیکورٹ میں ضمانت کیلئے درخواست دی گئی تھی۔ عدالت نے کیس کی سماعت 12مارچ تک ملتوی کر دی ۔