ڈی ایف آئی ڈی کی جانب سے 351ملین روپے کی امداد سے سرکاری سکولوں میں 15ہزار نئے کلاس رومز تعمیر کئے جائینگے‘ وزیر خزانہ پنجاب

جمعرات 6 مارچ 2014 16:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6مارچ 2014ء) وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن ، خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ برطانوی ادارے ڈی ایف آئی ڈی کی جانب سے 351ملین روپے کی امداد سے سرکاری سکولوں میں 15ہزار نئے کلاس رومز تعمیر کئے جائیں گے، صو بائی حکومت نے گزشتہ دور میں 75ہزار سکول ٹیچرز شفاف طریقے سے بھرتی کئے اور 80 ہزار مزید سکول ٹیچرز کی خدمات حاصل کی جارہی ہے تاکہ پنجاب میں100 فیصد خواندگی کا ہدف حاصل کیا جاسکے، حکومت پنجاب نے صوبے کے 55ہزار سرکاری سکولوں میں بچوں کو مفت کتابیں فراہم کرنے کی بجائے کمپیوٹرائزڈ ٹیبلٹس فراہم کرے گی جن میں تمام نصابی کتب اپ لوڈ کرنے کی سہولت ہوگی اور دیہات کی سطح تک تمام سکولوں میں طلبا و طالبات کو یہ ٹیبلٹس حکومت کی جانب سے مفت فراہم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

پارٹی ورکرز کے مختلف وفود کو شعبہ تعلیم کے لئے مختص فنڈز کی تفصیلات بتاتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہپنجاب حکومت صوبہ میں شعبہ تعلیم خصوصا ہائر ایجوکیشن کو اپ گریڈ کرنے کے لئے جامع پالیسی پرعمل کرتے ہوئے -244ارب روپے تعلیم کے شعبے پر خرچ کررہی ہے جو کہ پنجاب کے بجٹ کا 26 فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران پنجاب میں 101نئے کالج تعمیر کئے گئے جبکہ 96کالجوں میں عدم دستیاب سہولتیں فراہم کی گئیں ۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ پانچ برسوں میں 82نئے کالجز کے قیام کی منصو بہ بندی کرلی گئی ہے جبکہ 68مزید کالجوں میں ایک ارب47کروڑ روپے کی لاگت سے عدم دستیاب سہولتیں دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہکامرس کالجوں کے مختلف منصوبوں کے لیے 17کروڑ50لاکھ روپے جبکہ نئی یونیورسٹیوں کے لیے 26کروڑ 60لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے دوران 12 ارب روپے کے پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ سے 50 ہزارسے زائد طلباء کو وظائف دیئے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :