شہدادپور میں حیسکو کی جانب سے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری

جمعرات 6 مارچ 2014 14:45

شہدادپور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6مارچ 2014ء ) شہدادپور میں حیسکو کی جانب سے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ، رات کے وقت بجلی کی مسلسل 10۔ گھنٹے طویل بندش ،پاکستان اور بنگلہ دیش کے کرکٹ میچ کے دوران بھی دیرتک بجلی بند کر دی گئی، شہریوں نے الیکٹرانکس شاپس اور کمپیوٹر کی دوکانوں پر جا کر میچ دیکھا ، حیسکو کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہری پریشان ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق شہدادپور میں حیسکو کی جانب سے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ دھڑلے سے جاری ہے ۔ حیسکو کی جانب سے روزانہ دن اور رات کے اوقات میں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ۔منگل کی شام 6 بجے کے بعد اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کر کے 8 بجے بجلی کھولنے کے بجائے جان بوجھ کر 9 بجے تک بجلی بحال کی گئی کیونکہ ایشیاء کپ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کا کرکٹ میچ جاری تھا جس کو دیکھنے سے شہریوں کو محروم کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

پاکستان کی بیٹنگ کے دوران بجلی بند رہی جس کی وجہ سے شہریوں نے الیکٹرانکس شاپس اور کمپیوٹر کی دوکانوں پر جا کر انٹر نیٹ پر میچ دیکھا اور ان دوکانوں پر قابل دید رش تھا نوجوانوں نے ہر گیند پر دل کھول کر داد دی ۔ اس کے علاوہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب دو بجے کے بعد بجلی بند کر دی گئی جو کہ مسلسل 10 گھنٹے یعنی بدھ کی دوپہر بارہ بجے تک بند رہی جبکہ اس کے بعد بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ویسے ہی جاری رہا ۔

ایسا ہی عمل ایک روز قبل بھی کیا گیا تھا ۔ حیسکو کی جانب سے روزانہ 10 سے 12 گھنٹے کی بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے علاوہ من مانے طریقے سے بجلی کی بندش کی وجہ سے شہری پریشان ہو گئے ہیں ۔ شہریوں نے سخت احتجاج کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان ، صدر ، وزیراعظم ، وفاقی وزیر پانی و بجلی اور دیگر بالا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ حیسکو افسران کی من مانی بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے ،شہریوں کو اس عذاب سے نجات دلائی جائے اور اس میں ملوث حیسکو افسران کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔

متعلقہ عنوان :