مسئلہ کشمیر پر پاک بھارت کشیدگی علاقائی استحکام کیلئے خطرہ ہے،امریکی جنرل

جمعرات 6 مارچ 2014 14:37

مسئلہ کشمیر پر پاک بھارت کشیدگی علاقائی استحکام کیلئے خطرہ ہے،امریکی ..

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6مارچ 2014ء) امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل لائیڈ آسٹن نے دعویٰ کیا ہے کہ القاعدہ پاکستان کے قبائلی علاقوں سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کشمیر کے مسئلے پر پاک بھارت کشیدگی علاقائی استحکام کیلئے خطرہ ہے۔ سینٹ کام کے سربراہ جنرل لائیڈ آسٹن نے یہ بات ایوان نمائندگان کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے سامنے اپنے بیان میں کہی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان اور پاکستان میں القاعدہ پر مسلسل دباو کا نتیجہ تنظیم کے ارکان کی ایسے علاقوں کی طرف پیش قدمی کی صورت میں نکلا ہے جہاں خطرات کم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ القاعدہ پاکستان کے قبائلی علاقوں اور کسی حد تک مشرقی افغانستان سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ سینٹ کام کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وسیع تر سیکیورٹی تعاون ، تربیتی سپورٹ اور کولیشن سپورٹ فنڈ کے تحت ادائیگیوں کے نتیجے میں عسکریت پسندوں کے خلاف پاکستان کی کارروائیوں کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔ جنرل لائیڈ آسٹن نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دیرینہ کشیدگی بھی علاقائی استحکام کے لیے خطرہ ہے کیونکہ دونوں ممالک کی فوج کا بڑا حصہ سرحدوں اور کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر ہے۔