جی سیون میں پی ایچ اے فلیٹس کی مسجد کے راستے میں کارپارکنگ شیڈ تعمیرکردیاگیا

جمعرات 6 مارچ 2014 14:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6مارچ 2014ء)وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی سیون میں واقع پی ایچ اے فلیٹس کی مسجد کے راستے میں غیر قانونی کارپارکنگ شیڈ کی تعمیرپر نمازیوں نے شدیدغم وغصے کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ یہ شیڈ فوری طورپر ہٹایاجائے ورنہ سینکڑوں نمازی جمعہ کے روزنماز کی ادائیگی نہیں کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سیکٹر جی سیون ون میں پی ایچ اے فلیٹس کے آگے ملی بھگت سے بڑی تعداد میں غیرقانونی پارکنگ شیڈز کی بھر مار سے رہائشیوں اورملاقاتیوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہاہے تاہم اب علاقہ کے سیکڑوں رہائشیوں کے لیے قائم ایک چھوٹی سی مسجد کے سامنے بھی غیر قانونی کارپارکنگ شیڈتعمیرکردیاگیا ، جس کی وجہ سے مسجد کے مرکزی دروازے کے بالکل سامنے غیرقانونی کارپارکنگ سے نمازیوں کا گزرنا محال ہوگیا اس پارکنگ شیڈسے قبل نمازجمعہ کے لیے نمازیوں کی بڑی تعداداورجگہ کم ہونے کی وجہ سے مسجد کے باہر بھی نماز ادائیگی کا بندوبست کیاجاتاتھا تاہم اب اس شیڈ کی تعمیر سے سینکڑوں نمازی نمازکی ادائیگی نہیں کرسکتے، نمازیوں نے وزارت ہاؤسنگ وتعمیرات اوراورسی ڈی اے انتظامیہ سے فوری طورپر غیرقانونی کارپارکنگ شیڈ ختم کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ مسجد کے آگے غیرقانونی شیڈ کی تعمیر پر اہل علاقہ میں شدیدغم وغصہ پایاجاتا ہے انتظامیہ فوری طورپر اصلاح احوال کیلئے اقدامات اٹھائے ورنہ کسی بھی وقت امن وامان کامسئلہ پیداہوسکتا ہے۔