سینیٹ میں تھنک ٹینک تشکیل دینے کیلئے قائم کمیٹی کا اجلاس ، سابق سینیٹر انور بھنڈر اور سیکریٹری سینیٹ امجد پرویز ملک کی طر ف سے تیار کیے گئے ورکنگ پیپرز پر غور کیلئے میاں رضا ربانی اور انور بھنڈر پر مشتمل ذیلی کمیٹی قائم ،تین ہفتے میں جائزہ رپورٹ پیش کریگی،سینٹ سیکرٹریٹ کو سینٹ کے تمام چیئرمینوں کی رولنگ کو کتاب کی صورت شائع کرنے کی ہدایت ،1947ء سے اب تک بننے والے قوانین کا انڈکس بھی شائع کرنے کا فیصلہ ، کمیٹی نے قائد اعظم سے اب تک تمام زعماء کی تقاریر سینٹ لائبریری میں دستیاب کرنے کی ہدایت کردی

بدھ 5 مارچ 2014 21:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مارچ۔2014ء) سینیٹ میں تھنک ٹینک تشکیل دینے کیلئے قائم کمیٹی کا اجلاس ، سابق سینیٹر انور بھنڈر اور سیکریٹری سینیٹ امجد پرویز ملک کی طر ف سے تیار کیے گئے ورکنگ پیپرز پر غور کیلئے میاں رضا ربانی اور انور بھنڈر پر مشتمل ذیلی کمیٹی قائم ،تین ہفتے میں جائزہ رپورٹ پیش کریگی،سینٹ سکرٹریٹ کو سینٹ کے تمام چیئرمینوں کی رولنگ کو کتاب کی صورت شائع کرنے کیلئے ہدایت ،1947ء سے اب تک بننے والے قوانین کا انڈکس بھی شائع کرنے کا فیصلہ ، کمیٹی نے قائد اعظم سے اب تک تمام زعماء کی تقاریر سینٹ لائبریری میں دستیاب کرنے کی ہدایت کردی ۔

سینیٹ میں تھنک ٹینک تشکیل دینے کیلئے قائم کمیٹی کا اجلاس کنونئیر سینیٹر میاں رضا ربانی کی زیر صدارت بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کنوینر سینیٹر میاں رضا ربانی کے علاوہ سابق چیئر مین سینیٹ وسیم سجاد، سابق سینیٹر چوہدری محمد انور بھنڈر کے علاوہ سینیٹرز مظفر حسین شاہ ، مشاہد حسین سید ، افراسیاب خٹک ، سیدہ صغرٰ ی امام ، فرحت اللہ بابر ، روبینہ خالد ، محمد محسن خان لغاری ، نزہت صادق اور سیکریٹری سینیٹ امجد پرویز ملک نے شرکت کی ۔

اجلاس میں سینٹ کا تھنک ٹینک یا کوئی فورم تشکیل دینے کیلئے کمیٹی نے سابق سینیٹر انور بھنڈر اور سیکریٹری سینیٹ امجد پرویز ملک کی طر ف سے تیار کیے گئے ورکنگ پیپرز پر غور کیا اس موقع پر میاں رضا ربانی سابق سینیٹر انور بھنڈر اور سیکریٹری سینیٹ امجد پرویز ملک پر مشتمل ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی جو دونوں ورکنگ پیپرز کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ تین ہفتوں میں تیار کریگی ۔

کمیٹی میں تجویز پیش کی گئی کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے درمیان ہم آہنگی پیدا کر کے جہاں تک ممکن ہو مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے ۔ کمیٹی نے سینیٹ سیکریٹریٹ کو ہدایت کی کہ سینیٹ کے تمام چیئر مینوں کی رولنگز کو ایک کتاب کی شکل میں شائع کیا جائے ۔ 1947ء سے اب تک بننے والے تمام قوانین کا انڈیکس تیار کیا جائے ۔ نیز یہ بھی ہدایت کی گئی کہ سینیٹ میں ہونیوالے تقاریر کو بھی محفوظ کیا جائیگا۔

بانی پاکستان قائدا عظم محمد علی جناح  سے لے کر تمام زعماء کی تقاریر لائبریری میں دستیاب ہوں ۔ سیکریٹری سینیٹ امجد پرویز ملک نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یو این ڈی پی نے تھنک ٹینک کیلئے غیر مشروط فنڈز فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے ۔ کنوینئر کمیٹی سینیٹر میاں رضا ربانی اور ممبران کمیٹی نے ورکنگ پیپر تیار کرنے پر سابق سینیٹر انور بھنڈر اور سیکریٹری سینیٹ کی کوششوں کو سراہا اور تھنک ٹینک تشکیل دینے کیلئے اپنی اپنی تجاویز بھی دیں ۔

متعلقہ عنوان :