ملکی معیشت مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں ،معاشی حالت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتری آئی ،نواز شریف ،امداد دینے والے بین الاقوامی اداروں کے پاکستانی معیشت پر اعتماد سے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے، وزیر اعظم کی گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 5 مارچ 2014 20:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مارچ۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں جنکے نتیجے میں ملک کی معاشی حالت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتری آئی ہے،بہتر حکمت عملی اور دانشمندانہ پالیسیوں کے ذریعے حکومت توانائی کے شعبے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے قابل ہوئی ہے۔

گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بہتر حکمت عملی اور دانشمندانہ پالیسیوں کے ذریعے حکومت توانائی کے شعبے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے قابل ہوئی ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ امداد دینے والے بین الاقوامی اداروں کے پاکستانی معیشت پر اعتماد سے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں چین کی سرمایہ کاری سے ہماری معیشت مزید مضبوط ہو گی۔ دہشت گردی کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں کئے گئے فیصلے کے مطابق مذاکرات کا راستہ اختیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے قرضے کی سکیم کا کامیابی سے آغاز کیا گیا ہے۔

اس کا وعدہ ہماری انتخابی مہم میں کیا گیا تھا اور ہم نے ثابت کیا کہ ہم اپنے وعدے پورے کرتے ہیں۔ ارکان پارلیمنٹ نے نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی طرف سے کئے گئے اقدامات سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم نے ملک میں دہشتگردی کی نئی لہر اور نئے گروپس کے سامنے آنے پر تشویش کا اظہار کیا وزیراعظم نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات آل پارٹیز کانفرنس کی روشنی میں کئے جارہے ہیں، امید ہے کہ مذاکرات کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے، طالبان میں زیادہ لوگ مذاکرات کی حمایت کررہے ہیں۔