ملالہ یوسفزئی نوبل انعام 2014کے لیے نامزد،رواں سال کے نوبل انعام کے لیے 278 افراد اور اداروں کو نامزدکردیاگیا،نوبل انسٹیٹیوٹ

بدھ 5 مارچ 2014 20:09

سٹاک ہوم(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مارچ۔2014ء) رواں برس کے نوبل انعام کے لیے طالبان حملے میں زخمی ہونے والی پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی سمیت278 افراد اور اداروں کو نامزدکردیاگیا، میڈیارپورٹس کے مطابق امن کا نوبل انعام دینے کا فیصلہ کرنے والی نوبل انسٹیٹیوٹ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ رواں برس کے امن انعام کے لیے کل 278 نامزدگیاں حاصل ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

اس کا اعلان نوبل انسٹیٹیوٹ کے سربراہ گیئرلنڈایسٹڈنے کیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر سال امن کے نوبل انعام کے لیے نامزدگیوں میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے، جو اس بات کا مظہر ہے کہ ادارے اور افراد اس معتبر انعام میں کتنی زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ نوبل انسٹیٹیوٹ کے سربراہ کے مطابق امن انعام کی نامزدگیوں کی فہرست میں 47 مختلف بین الاقوامی ادارے بھی شامل ہیں، رواں برس کے نوبل انعام برائے امن کی نامزدگیوں کی طویل فہرست میں بیلا روس کے مقید انسانی و سیاسی حقوق کی رہنما ایلس بیلیئٹسکی اور افریقی ملک ڈیموکریٹک ری پبلک کانگو کے معالج و سرجن ڈینس مکویگے کے نام بھی شامل ہیں۔