حکومت اپنا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کر سکی ،عوام پی پی اور (ن) کی موجودہ حکومت کا موازنہ کریں‘ یوسف رضا گیلانی

بدھ 5 مارچ 2014 17:04

حکومت اپنا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کر سکی ،عوام پی پی اور (ن) کی موجودہ ..

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5مارچ 2014ء) سابق وزیر اعظم و پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت اپنا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کر سکی اور عوام کو پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت کا موازنہ کرنا چاہیے ، آل پارٹیز کانفرنس میں تمام جماعتوں نے حکومت کو فیصلوں کا اختیار دے کر طاقت دی لیکن حکومت نے وقت ضائع کر دیا ، ملک اور عوام کے مفاد میں اٹھائے جانے والے اقدامات پر حکومت کو بھرپور سپورٹ دینگے لیکن اسکے برعکس کسی اقدام کی حمایت نہیں کی جائے گی ، تین ماہ میں بجلی کا بحران ختم نہ کر سکنے پر نام بدلنے کے دعوے کرنے والوں سے عوام آج خود پوچھ رہے ہیں ۔

بدھ کے روز پارٹی کے متحرک رکن دلاور بٹ کی عیادت کے بعد ثمینہ خالد گھرکی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رصا گیلانی نے کہا کہ پاکستانی پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جسکی آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت چاروں چاروں صوبوں میں جڑیں ہیں ۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی اپنا متحرک کردار ادا کرے گی اور ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کو مکمل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کو پوری مدت دینا چاہتے ہیں لیکن اسکا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ملک اور عوام کے مفاد کے خلاف اٹھائے جانے والے اقدامات پر خاموش رہیں گے۔

سینیٹ میں ہماری اکثریت ہے جبکہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں بھی ہمارے اراکین موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر تنقید کرنے والوں کو آج اپنی غلطی کا احساس ہو چکا ہے ۔ موجودہ حکمران تین ماہ میں بجلی کا بحران ختم کرنے کے دعوے کرتے تھے جبکہ مجھے نا اہل کرانے میں بھی مسلم لیگ (ن) والے فریق تھے ۔ ہم انہیں اس وقت کہتے تھے کہ وہ وعدہ نہ کریں جو پورا نہ کر سکیں لیکن یہ ہماری نہیں مانتے تھے ۔

یہاں تک کہا گیا کہ تین ماہ میں بجلی کا بحران ختم نہ کر سکے تو ہمارا نام تبدیل کر دیا جائے اور عوام آج خود ان سے پوچھ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو اور نواز شریف کے درمیان میثاق جمہوریت طے پایا جس پر ہماری حکومت نے 85فیصد عمل کیا لیکن مسلم لیگ (ن) نے اپنے منشو رپر عمل نہیں کیا ۔ ہم کہتے ہیں کہ حکومت عوام کو ریلیف دیں ۔اگر حکومت ملک اور عوام کے مفاد میں کام کرے گی تو اسکے سپورٹ دیں گے لیکن اسکے برعکس کسی بھی اقدام کی کسی صورت حمایت نہیں کیا جائے گا ،ہماری حمایت مشروط ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو نے گلگت بلتستان کی عوام کیلئے بہت کچھ کیا اور انہیں حقوق دینے کے لئے کام کیا اسکے بعد بینظیر بھٹو نے وہاں پر پہلی مرتبہ جماعتی بنیادوں پر انتخابات کرائے جس سے لوگوں میں حوصلہ آیا ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فوج حکومت کا حصہ ہے اسے اعتماد میں لینا ضروری ہے۔ انہوں نے جمشید دستی کے حوالے سے سوال کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اور بہت سے بہتر ین ایشوز ہیں جن پر گفتگو کرنی چاہیے ۔قبل ازیں یوسف رضا گیلانی نے پارٹی کے رہنماؤں اور متحرک کارکنوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔

متعلقہ عنوان :