اسلام آباد حملے میں بھارتی ایجنسی ”را“ کے ملوث ہونے کی تحقیقات جاری ہیں، نواز شریف

بدھ 5 مارچ 2014 15:26

اسلام آباد حملے میں بھارتی ایجنسی ”را“ کے ملوث ہونے کی تحقیقات جاری ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5مارچ 2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیکٹر ایف ایٹ کچہری میں دہشت گردی کے حملے میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ملوث ہونے کی اطلاعات ہیں جس کی تحقیقات جاری ہیں۔وزیراعظم ہاؤس میں گوجرانوالا ڈویژن کے اراکین اسمبلی نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران ملک میں دہشت گردی کی نئی لہر اور نئے گروپوں پر تشویش کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ ایک طرف تو مذاکرات جاری ہیں جب کہ دوسری طرف نئے نئے گروپ سامنے آرہے ہیں جو تشویشناک ہے، اس پر وزیر اعظم نے کہا کہ ایسے گروپ جو روزانہ نئی واردات اور نئے ناموں کے ساتھ سامنے آرہے ہیں اس کی تحقیقات کے لئے سیکیورٹی ادارے اور خفیہ ایجنسیوں کو ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد کچہری حملے میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم سے ملاقات کے دوران رکن قومی اسمبلی نواب مظہر نے کہا کہ طالبان کو نہ مارا جائے بلکہ ان کی ماں کو ماریں جس پر وزیراعظم نے ان سے پوچھا کہ طالبان کی ماں کون ہے؟ اس کے جواب میں رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ یہ بات ایجنسیوں کو معلوم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات آل پارٹیز کانفرنس کی روشنی میں کئے جارہے ہیں، امید ہے کہ مذاکرات کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے، طالبان میں زیادہ لوگ مذاکرات کی حمایت کررہے ہیں۔