پنجاب یوتھ فیسٹیول پاک بھارت گیمز،آرم ریسلنگ اور باڈی بلڈنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کا بھارت کے خلاف کلین سویپ ،آرم ریسلنگ میں پاکستانی کھلاڑی ضمیر سلطان، عماد بٹ، سیف الرحمن ، سعدیہ خلیل ، طیبہ خان نے بھارت کو شکست دیدی ،باڈی بلڈنگ کے مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑی چھائے رہے، محمد امجد، حافظ عمر نے کامیابی حاصل کی، ویٹ لفٹنگ میں بھی پاکستان کی فتح

منگل 4 مارچ 2014 22:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مارچ۔2014ء) پنجاب یوتھ فیسٹول کے زیر اہتمام پاک بھارت گیمز کے دوسرے روز بھی پاکستانی کھلاڑی چھائے رہے اور آرم ریسلنگ اورباڈی بلڈنگ کے مقابلے اپنے نام کر لئے۔الحمرا ء کلچرل کمپلیکس میں ہونے والے مردوں کے آرم ریسلنگ کے مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں نے روایتی حریف بھارتی کھلاڑیوں کے خلاف کلین سویپ مکمل کیا۔

میزبان کھلاڑیوں نے مقابلوں میں فاتحانہ آغاز اس وقت کیا جب 65 کلوگرام کیٹگری میں پاکستان کے ضمیر سلطان نے بھارتی بلراج سنگھ کو 2-0 سے شکست دی، 75 کلوگرام میں پاکستانی کھلاڑی ایک بار پھر بازی لے گئے، اس کیٹگری میں پاکستانی عمادبٹ نے تلکراج مہرا کو 2-0سے ہرایا۔75 کلوگرام سے زائد کیٹگری میں پاکستان سیف الرحمن سلہریا نے بھارتی دلباغ سنگھ کو نہ صرف 2-0سے ہرایا بلکہ اس مقابلے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے بھارتی کھلاڑیوں کے خلاف کامیابیوں کی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی۔

(جاری ہے)

خواتین آرم ریسلنگ مقابلوں میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں کا پلڑا بھاری رہا ۔60 کلوگرام کیٹگری میں بھارت کی مندیپ کور نے پاکستانی رابعہ خلیل کو ہرا کر اپنی ٹیم کی جانب سے فاتحانہ آغاز کیا لیکن بعد میں آنے والی بھارتی کھلاڑی کامیابی کے اس تسلسل کو جاری نہ رکھ سکیں۔پاکستان کی طرف سے سعدیہ خلیل نے اپنے ملک کی جانب سے فتح کی بنیاد رکھی، 70 کلوگرام کیٹگری کا یہ مقابلہ پاکستان کی سعدیہ خلیل اور بھارتی جسبیر کور کے درمیان شیڈول تھا جو خاصا دلچسپ رہا، ابتدائی دو راؤنڈ میں دونوں پلیئرز کے درمیان مقابلہ 1-1سے برابر رہا تاہم فائنل اور فیصلہ کن مرحلہ میں سعدیہ خلیل نے کامیابی حاصل کر کے سکور 2-1 کر دیا۔

70 کلوگرام سے زائد کیٹگری میں پاکستان کی طیبہ خاں نے بھارتی نونیت کور کو 2-0 سے شکست دے کر آرم ریسلنگ خواتین مقابلے پاکستان کے نام کر دیئے۔باڈی بلڈنگ کے مقابلوں میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں کا پلڑا بھاری رہا۔اس ایونٹ میں روایتی حریفوں کے درمیان تین کیٹگریز کے مقابلے ہوئے جن میں میزبان کھلاڑیوں نے مہمان کھلاڑی کو 2-1سے زیر کیا۔ابتدائی دو کیٹگریز کے مقابلوں میں سکور 1-1تھا تاہم آخری کیٹگری کے مقابلے میں پاکستانی کھلاڑی نے مہمان کھلاڑی کو زیر کر کے فتح پاکستان کی جھولی میں ڈال دی۔

65 کلوگرام کیٹگری میں پاکستان کے محمد امجد فاتح قرار پائے جبکہ بھارتی روی کمار دوسرے نمبر پر رہے۔ 74 کلوگرام میں بھارت کے سومراج کی عمدہ پوزنگ اور شاندار تکنیک نے انہیں کامیابی دلائی ، پاکستانی نعمان خان دوسرے نمبر پر رہے۔80 کلوگرام میں پاکستان کے حافظ عمر فاتح رہے جبکہ بھارتی منجیت سنگھ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ پاکستانی ویٹ لفٹرز نے تین جبکہ بھارت نے ایک کیٹگری میں کامیابی حاصل کی۔

105 کلوگرام سے زائد وزن کیٹگری میں مستقیم بٹ نے ہر بھجن سنگھ کو شکست دی۔ اس مقابلے میں مستقیم بٹ نے 184 کلوگرام وزن اٹھاکر حریف ویٹ لفٹرز کو زیر کیا۔ 105 کلو گرام میں اظہر عامر بٹ نے بھارت کے پرتھی پال سنگھ کوہرایا۔ 94 کلو گرام میں بھارت کے پردیپ سنگھ اپنی ٹیم کے لئے واحد کامیابی حاصل کرسکے۔ انہوں نے پاکستان کے انس جاوید کے خلاف فتح حاصل کی۔ 56 کلوگرام کلاس میں محمد شہزاد نے بھوپندر سنگھ کو ہرایا۔

متعلقہ عنوان :