سندھ کی جیلوں سے خطرناک قیدیوں کو آزاد کشمیراورخیبرپختونخوا منتقل کرنے کا معاہدہ طے پاگیا ،تمام امور کو حتمی شکل دینے کے لیے بین الصوبائی رابطے کے وزراء اور سیکرٹری داخلہ کا اجلاس جلد بلایا جائے گا ،وزیر جیل خانہ سندھ منظور وسان

منگل 4 مارچ 2014 22:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مارچ۔2014ء) سندھ کی جیلوں سے خطرناک قیدیوں کو آزاد کشمیراورخیبرپختونخوا منتقل کرنے کا معاہدہ طے پاگیا ہے ۔ قیدی اٹک اورمچھ جیل بھی منتقل کیے جائیں گے۔اس بات کا فیصلہ منگل کو وزیر جیل خانہ جات سندھ منظور حسین کی سربراہی میں منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا اجلاس میں پنجاب کے آئی جی جیل خانہ جات میاں فارق نذیر ،بلوچستان کے آئی جی جیل خانہ جات محمد ایوب قریشی ،آزاد کشمیر کے آئی جی جیل کانہ جات عبدالحمید مغل ،ڈی جی ناپا لاہور وقار علی خان ،ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ پنجاب محمد عامر جان ،ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ خیبرپختونخوا خالد عباس ،نیشنل کرمنل جسٹس ٹریننگ ایکسپرٹ شاہ سلمان خان ،سندھ کے آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن ،یو این او ڈی سی پاکستان کے کرمنل جسٹس ایڈوائزر کولی براوٴن،نیشنل پروگرام منیجر برائے جیل خانہ جات یواین او ڈی پی ارسلان محمود اور دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منظور حسین وسان نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ کی تین جیلوں سے 80 قیدی آزاد کشمیر،خیبر پختونخوا منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ پنجاب خیبرپختونخوا اوربلوچستان کے خطرناک قیدی سندھ کی جیلوں میں منتقل کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں جیلوں کی فول پروف سیکورٹی کے لیے مشترکہ اقدامات پراتفاق کیا گیا ہے ۔

منظور حسین وسان نے کہا کہ یواین او جیلوں کے لیے جدید سیکورٹی آلات فراہم کرے گا جبکہ آئندہ ہفتے حیدرآباد اورسکھرکی جیلوں میں موبائل جیمرزنصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جبکہ کراچی سینٹرل جیل کے باہر بم پروف دیوار قائم کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں چاروں اور صوبوں اور آزاد کشمیر میں جیلوں کی سیکورٹی مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔کراچی ،حیدر آباد اور سکھر کی جیلیں انتہائی حساس ہیں ۔دوسرے صوبوں سے قیدیوں کی سندھ منتقلی کے بعد ڈسٹرکٹ جیلوں کی سیکورٹی بھی بڑھائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ تمام امور کو حتمی شکل دینے کے لیے بین الصوبائی رابطے کے وزراء اور سیکرٹری داخلہ کا اجلاس جلد بلایا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :