خطے کے اندر بیرونی دنیا کی دلچسپی بڑھ چکی ہے، خارجہ پالیسی اور ملک کے اندرونی حالات سے لاتعلق نہیں ہو سکتے ‘ شاہ محمود قریشی ،سابق وزیر خارجہ کو ملک کی خارجہ پالیسی پر بات کا موقع نہ دینے پر تعجب ہے، خارجہ پالیسی کو اندرونی حالات سے جوڑنا ہو گا‘ رہنما پی ٹی آئی

منگل 4 مارچ 2014 22:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مارچ۔2014ء) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین ورکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خطے کے اندر بیرونی دنیا کی دلچسپی بڑھ چکی ہے، پاک بھارت تعلقات کے پورے خطے پر اثرات مرتب ہوتے ہیں،خارجہ پالیسی اور ملک کے اندرونی حالات سے لاتعلق نہیں ہو سکتے اندرونی حالات کو خارجہ پالیسی سے جوڑنا ہو گا۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مراعات یافتہ طبقے کو ٹیکس نیٹ میں شامل کر کے پاکستان کو آئی ایم ایف کے چنگل سے نکالا جائے۔

تحریک انصاف ملک میں ٹیکس کا شفاف نظام چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسد عمر نے تحریک انصاف کے موقف کو اجاگر کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سابق وزیر خارجہ کو ملک کی خارجہ پالیسی پر بات کا موقع نہ دینے پر تعجب ہے، خارجہ پالیسی اور ملک کے اندرونی حالات سے لاتعلق نہیں ہو سکتے، ہمیں خارجہ پالیسی کو اندرونی حالات سے جوڑنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خطے کے اندر بیرونی دنیا کی دلچسپی بڑھ چکی ہے، پاک بھارت تعلقات کے پورے خطے پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان نے گزشتہ روز کے واقعے سے لاتعلقی ظاہر کی ہے، احرار الہند نامی تنظیم نے اسلام آباد حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے اس سے پہلے اس تنظیم کا نام کبھی نہیں سنا۔ حکومتی ایجنسیوں کو ایف ایٹ حملے کی تحقیقات کے بعد اس حوالے سے سچ سامنے لانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران نے پوری معیشت کو جکڑ کر رکھا ہے، پاک ایران گیس پائپ لائن پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، سرتاج عزیز نے بھی کہا کہ ہم نے اس منصوبے کو ترک نہیں کیا۔