حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ، وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات، وزیراعظم کی کمیٹی کو امن مذاکرات جاری رکھنے کی ہدایت

منگل 4 مارچ 2014 19:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مارچ۔2014ء) حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے قرار دیا ہے کہ فائر بندی کے اعلان کے بعد دہشتگردی کے واقعات کا جاری رہنا ، قیام امن کیلئے مذاکراتی عمل کو نقصان پہنچائے گا۔ حکومت کی تشکیل کردہ مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس نے ٹی ٹی پی کی طرف سے فائر بندی کے اعلان نیز خیبر ایجنسی اور اسلام آباد کے افسوسناک واقعات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے قرار دیا کہ فائر بندی کے اعلان کے بعد اس طرح کے واقعات کا جاری رہنا قیام امن کیلئے مذاکراتی عمل کو نقصان پہنچائے گا۔ کمیٹی کے ارکان نے بعد ازاں وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کی اور اپنی طرف سے آئندہ کے موثر لائحہ عمل کے بارے میں تجاویز پیش کیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پائیدار اور مستقل امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے ہر سطح پر کوششیں جاری رہیں گی۔ وزیراعظم نے حکومتی کمیٹی کو طالبان سے مذاکرات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم سے ملاقات میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی امور عرفان صدیقی ، میجر (ریٹائرڈ) محمد عامر ، رستم شاہ مہمند اور رحیم اللہ یوسف زئی نے شرکت کی۔