کراچی ،شہر کے 20حساس علاقوں کے ایس ایچ اوز اور 300مارکیٹوں کے نمائندے کل مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے

منگل 4 مارچ 2014 17:29

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4مارچ 2014ء) آل کراچی تاجر اتحاد کی تجویز پر ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی شاہد حیات خان اور ڈی آئی جی سلطان علی خواجہ نے تاجروں اور پولیس کے مابین مستقل روابط کا قیام، تعلقات کو بہتر اور مارکیٹوں میں سیکوریٹی انتظامات کو مئوثر بنانے کے کام کا آغاز کردیا ہے، ان مقاصد کے تحت حکمت عملی اور منصوبہ بندی طے کرنے کیلئے آج(بدھ )صبح 11بجے سلیم واحدی ہال ، ڈرائیونگ لائسنس آفس کلفٹن پر ایک اہم کانفرنس منعقد کی جارہی ہے جس میں شہر کے 20حسا س علاقوں کے تھانیداروں اور 300سے زائد مارکیٹوں کے نمائیندگان شریک ہونگے، کانفرنس کی صدارت ایڈیشنل آئی جی پولیس سندھ شاہد حیات خان اور تاجروں کی نمائیندگی آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر کرینگے، کانفرنس میں ڈی آئی سلطان علی خواجہ اور دیگر پولیس افسران بھی شرکت کرینگے، کانفرنس میں پولیس اور تاجروں کے مابین مستقل بنیادوں پر روابط کا قیام، تجاویز و مشاورت اور شکایات کے طریقہ کار پر بھی غور ہوگا، شہر کے تجارتی مراکز میں بھتہ شکایات، اغواء برائے تاوان، ڈکیتی، لوٹ مار اور جرائم کے دیگر واقعات کے خلاف قابلِ عمل منصوبہ بندی اور علاقے کے تھانوں کی کارکردگی میں بہتری کے اقدامات بھی زیرِغور لائے جائینگے، کانفرنس میں جرائم سے متاثرہ مارکیٹوں میں سیکوریٹی کے مسائل کا جائزہ لے کر تھانوں کے وسائل میں اضافہ اور حفاظتی انتظامات بہتری لائی جائیگی، اس سلسلے میں آل کراچی تاجر اتحاد کی لاء اینڈ آرڈر کمیٹی کے چیئرمین احمد شمسی نے پریس و میڈیا کو کانفرنس کے انعقاد کا بنیادی مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ پولیس تاجر روابط سے دونوں جانب اعتماد کی فضا بہتر ہوگی، تاجروں کی تجاویز و مشاورت سے پولیس کی کارکردگی میں بہتری لائی جاسکے گی اور تھانہ کلچر کو تاجر دوست بنانے میں مدد ملے گی، انھوں نے کہا کہ کانفرنس میں زیرِغور لائے جانیوالے نکات میں جرائم سے متاثرہ مارکیٹوں میں ضرورت کے مطابق حفاظتی اقدامات کرنا، تجارتی مراکز میں بدامنی کے واقعات کی روک تھام کے عمل میں تاجر نمائیندگان کی مشاورت کو شامل کرنا، تھانوں کی کارکردگی کا ہفتہ وار جائزہ لیکر اس کی رپورٹ اعلیٰ حکام تک پہنچانا اور سیکوریٹی کے تحت دیگر عوامل شامل ہیں، انھوں نے کہا کہ گذشتہ پانچ ماہ کے دوران پولیس اور تاجروں کے مابین بہتر تعلقات باہمی تعاون اور اعتماد میں اضافے سے پولیس کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے جس سے بھتہ کرائم میں واضح کمی آئی ہے ، انھوں نے امید ظاہر کی کہ تاجر پولیس روابط کو باقاعدہ طور پر باہمی اشتراکِ عمل میں بدلنے کی کوشش کی جائیگی جس کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال کوبہتر کرنے اور جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :