فلسطین اور کشمیر کے مسائل نظر انداز کرکے دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا،ناانصافی دہشتگردی کی بنیادی جڑ ہے‘ سینیٹر پروفیسر ساجد میر

منگل 4 مارچ 2014 17:23

مکة المکرمہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4مارچ 2014ء ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے دہشت گردی پاکستان سمیت عالم اسلام کے لیے بڑا چیلنج بن گئی ہے۔متحدہو کر ہی اس چیلنج کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔فلسطین اور کشمیر کے مسائل نظر انداز کرکے دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ناانصافی دہشت گردی کی بنیادی جڑ ہے۔

عالم اسلام خارجی خطرات سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل تیار کرے۔ شام میں روس کی مداخلت تشویش ناک ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مکہ مکرمہ میں رابطہ عالم اسلامی کے زیر اہتمام” اسلامی دنیا ،مسائل اور حل “کے عنوان پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے 25 ممالک کی اسلامی تحریکوں کے قائدین اور جید علماء نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

امت مسلمہ کے مسائل کے حل کے لئے خارجی خطرات سے نمٹنے کے لئے لائحہ عمل تیار کریں،۔ کانفرنس میں خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے اپنے پیغام میں کہاکہ امت مسلمہ کو مسلک پرستی اور فرقہ پرستی کی بنیادوں پر منتشر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، علما مسلک پرستی اور فرقہ پرستی کی کوششوں کی مزاحمت کریں۔اس موقع پر امت مسلمہ اپنی تاریخ کے انتہائی نازک دور سے گزررہی ہے، مفتی اعلی سعودی عرب شیخ عبدالعزیز آل شیخ کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ اپنی تاریخ کے انتہائی نازک دور سے گزررہی ہے، انھوں نے کہاکہ ہمیں علم کی روشنی گھر گھر پہنچانی چاہئیے،عوام اور حکام کے درمیان رابطے قائم رکھنے کی اشد ضرورت ہے۔

کانفرنس سے امیر جماعت اسلامی سید منور حسن، مفتی رفیع عثمانی نے بھی خطاب کیا۔جبکہ پروفیسر ساجد میر نے رابطہ عالم اسلامی کی مجلس اعلی کے رکن کی حیثیت سے رابطہ کی سپریم کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔ پروفیسر ساجد میر سعودی عرب کے دورے کے دوران عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔علاوہ ازیں وہ اما م کعبہ الشیخ عبدالرحمن السدیس کے علاوہ سعودی وزراء اور اعلی حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :