چیف کمشنر اسلام آباد نے کچہری حملے کی جوڈیشل انکوائری کا حکم دے دیا

منگل 4 مارچ 2014 12:29

چیف کمشنر اسلام آباد نے کچہری حملے کی جوڈیشل انکوائری کا حکم دے دیا

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4مارچ 2014ء) ضلع کچہری پر حملے کی تحقیقات کے لئے ہائی کورٹ کی انکوائری کمیٹی کا اجلاس کل ایف ایٹ میں ہوگا جب کہ چیف کمشنر نے بھی حملے کی جوڈیشل انکوائری کا حکم دے دیا ہے، کمیٹی جمعہ کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔. مطابق اسلام آباد کی ایف ایٹ کچہری میں دہشت گردوں کے حملے کی انکوائری کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

پولیس کے ساتھ عدالت اور ضلعی انتظامیہ نے بھی اپنی اپنی انکوائری کمیٹیوں سے سانحے کی تحقیقات کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کی انکوائری کمیٹی کی سربراہی جسٹس شوکت عزیز صدیقی کر رہے ہیں اور کمیٹی کا اجلاس کل صبح 10 بجے ایف ایٹ کچہری میں طلب کر لیا گیا ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف ایٹ کچہری کے دورہ کے موقع پر جاں بحق ہونے والے ایڈیشنل سیشن جج رفاقت اعوان کے اہل خانہ کے لیے مراعات کا اعلان بھی کیا۔

(جاری ہے)

چیف کمشنر اسلام آباد نے بھی ڈپٹی کمشنر مجاہد شیر دل کی سربراہی میں جوڈیشل انکوائری کمیٹی قائم کردی ہے جو 5 سوالوں کے جواب تلاش کرے گی کہ حملہ آوروں کی تعداد کتنی تھی؟، حملہ آور کچہری میں کیسے داخل ہوئے؟، پولیس سیکیورٹی ایس او پی کے مطابق تھی؟، پولیس نے حملہ آوروں کو روکنے کے لیے کیا اقدامات کئے؟، ریسکیو آپریشن بروقت ہوا یا نہیں؟۔ کمیٹی انکوائری مکمل کر کے جمعہ کوچیف کمشنر کو رپورٹ پیش کرے گی۔