مٹھی بھر انتہا پسندوں کی اجارہ داری قائم نہیں ہونے دیں گے ، دہشتگردوں کی دہشتگردی جلد ختم ہوجائیگی، خواجہ سعد رفیق ،چند وحشی اورپاگل دشمنوں سے تنخواہ لے کربم دھماکے کررہے ہیں،یہ جتنے حملے کریں گے حکومت اتنا ہی ان کیخلاف آپریشن تیز کریگی،دشمن سمجھتے ہیں وہ دہشتگردی پھیلاکر عوام اورحکومت کوکمزورکردینگے تو ایساکبھی نہیں ہو گا،قوم دہشتگردی کیخلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن چکی ہے،وفاقی وزیر ریلوے کا ریلویز کے ہیروز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب ، 6 ہیروز کو 6 لاکھ روپے کے چیک اور شیلڈز بھی دی گئیں

پیر 3 مارچ 2014 21:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مٹھی بھر انتہا پسندوں کی اجارہ داری قائم نہیں ہونے دیں گے ، دہشتگردوں کی دہشتگردی جلد ختم ہوجائے گی، حکومت بلیک میل ہوئی ہے اور نہ ہوگی،چند وحشی اورپاگل دشمنوں سے تنخواہ لے کربم دھماکے کررہے ہیں،یہ جتنے حملے کریں گے حکومت اتنا ہی ان کیخلاف آپریشن تیز کرے گی، پاکستان کے دشمن سمجھتے ہیں کہ وہ دہشتگردی پھیلاکر عوام اورحکومت کوکمزورکردیں گے تو ایساکبھی نہیں ہو گا،پوری قوم دہشت گردی کیخلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن چکی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز پاکستان ریلویز کے ہیروز کے اعزاز میں ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر نے اسلام آباد میں ہونیوالی دہشت گردی کی بھی پرزور مذمت کی ۔وفاقی وزیر نے پاکستان ریلویز کے 6 ہیروز کو 6 لاکھ روپے کے چیک اور شیلڈز دیں۔ کانسٹیبل ابرار حسین‘ نور ابشار اور فواد اللہ کو 2.2 ملین روپے کی رقم اس کے مالک کو واپس کرنے پر جبکہ پٹرولرز رسول بخش‘ باچا اور محبوب احمد کو خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو ایک بڑی تباہی سے بچانے پر چیک اور شیلڈیں دی گئیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ دہشت گردی اور مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، اگر طالبان بات چیت چاہتے ہیں تو وہ دہشتگردی کی کاروائیاں بند کریں۔ حکومت‘ منتخب پارلیمنٹ اور ریاستی ادارے اس بات پر متفق ہیں کہ مذاکرات صرف ان سے ہونے چاہئیں جو ہتھیار ڈالنے کے بعد مذاکرات چاہتے ہوں۔پوری قوم دہشت گردی کیخلاف متحد ہے اور پاکستان کی سلامتی چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کے عوام کے دہشتگردی کے خلاف عزم کو نقصان نہیں پہنچا سکتے‘ حکومت اپنے اس موقف پر قائم ہے پاکستان کو جلد دہشت گردی سے پاک وطن بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ریلویز کو کچھ مخصوص علاقوں میں دہشت گردی کا سامنا ہے لیکن جب ٹرینوں پر حملے ہوتے ہیں تو ریلوے کے کارکنوں کا مورال اور بھی بلند ہو جاتا ہے۔

ریلوے کے پٹرولر ریلوے ٹریک پر ہر وقت مانیٹرنگ میں مصروف رہتے ہیں۔ ٹرینوں پر حملوں کی بڑی وجہ ان کا سبز رنگ ہے جو قائد اعظم محمد علی جناح کی طرف سے فائنل کیا گیا تھا اور حرکت کرتا ہوا سبز جھنڈا پاکستان کے دشمنوں کیلئے ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔ لیکن مٹھی بھر انتہا پسندوں کی اجارہ داری قائم نہیں ہونے دیں گے۔حکومت بلیک میل ہوئی اور نہ ہو گی ۔ قبل ازیں پاکستان ریلویز کے ان 6 ہیروز کو گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا۔ تقریب میں اسلام آباد میں ہونیوالی دہشت گردی میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور اس سلسلہ میں ایک قرارداد بھی منظور کی گئی۔

متعلقہ عنوان :