طالبان نشاندہی کریں،کون سے عناصر مذاکرات سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں،خورشیدشاہ

پیر 3 مارچ 2014 21:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3مارچ۔2014ء) پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشیدشاہ نے کہا ہے کہ طالبان نشان دہی کریں، کون سے عناصر مذاکرات سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں،ان کایہ بھی کہناتھاکہ وزیرداخلہ متکبر ہیں، غرور اور تکبر سے حکومتیں نہیں چلتیں۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ اسلام آبادمیں کچہری پرحملے کے واقعے نے قوم کو خوف زدہ کردیا ہے،پارلیمنٹ بھی محفوظ نہیں،جو عناصر مذاکرات کو سبوتاژ کرتے ہیں طالبان کو ان کی نشاندہی کرنا ہوگی۔

قائد حزب اختلاف کاکہناتھاکہ کہا جاتا ہے کہ اسلام آباد محفوظ ہے لیکن ایک کمزور گروپ نے حملہ کرکے دکھادیا، سیاسی جماعتوں کے تعاون کے باوجود حکومت کی طالبان سے مذاکرات کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اگر پارلیمنٹ پر حملہ ہوا تو حکومت نہیں بچے گی، اس وقت سب کو سر جوڑنے کی ضرورت ہے۔ اپوزیشن لیڈر کامزید کہناتھا کہ ہمیں وزیراعظم کے پاس بیٹھ کر چائے پینے کا شوق نہیں، سیاسی جماعتوں کی مکمل حمایت کے باوجود حکومت کمزوری دکھا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :