ن لیگ جاپان کے وفدکو وزیراعظم ، صدر پاکستان سے ملاقات کی دعوت

پیر 3 مارچ 2014 18:59

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3مارچ۔2014ء) مسلم لیگ ن کے مرکزی انفارمیشن سیکریٹری سینیٹر مشاہداللہ خان نے ن لیگ جاپان کے دس رکنی وفد کو صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کے لئے دورہ پاکستان کی دعوت دے دی۔

(جاری ہے)

دریں اثناء سینیٹر مشاہد اللہ خان اپنا جاپان کا دورہ مکمل کرکے پاکستان واپس روانہ ہوگئے ہیں ، پاکستان روانگی سے قبل أئرپورٹ پر آئے ہوئے لیگی رہنماؤں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ جاپان میں مقیم لیگی رہنما اور کارکنان آپس میں اتحاد برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کی نیک نامی کے لیے خلوص دل سے کام کریں ، انھوں نے ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جاپان میں مقیم تمام لیگی کارکنوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کریں اسی میں مسلم لیگ ن اور پاکستان کابھی مفاد ہے ، مشاہد اللہ خان نے جاپان میں تمام لیگی ورکروں سے کہا کہ وہ میاں نواز شریف کی جانب سے مقررکردہ عہدیداروں کا احترام کریں اور پارٹی ڈسپلن کو قائم رکھیں ، اس موقع پر مشاہد اللہ خان نے ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان کی قیادت میں جاپان کے دس رکنی وفدکو پاکستان آنے کی دعوت دی جہاں ان کی ملاقات صدر پاکستان اور وزیر اعظم سے کرائی جائے گی ، مشاہد اللہ خان نے کہا کہ یہ ملاقات دراصل ان مسلم لیگی کارکنان کے لیئے چھوٹا سا ثمر ثابت ہوگی جنھوں نے مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا اور پارٹی ڈسپلن کو قائم رکھا ، سینیٹر مشاہد اللہ خان کو الوداع کے کہنے کے لیئے مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان کے علاوہ سینئر نائب صدر ملک ریاض سمیت پی آئی آئے جاپان کے کنٹر ی مینیجر جواد خان اور دیگر رہنما شامل تھے ۔