اقتصادی پالیسیاں ملک کو قلیل عرصہ میں ترقیافتہ بنا دیں گی، عوام کا معیار زندگی قابل رشک ہوگا، ممنون حسین

پیر 3 مارچ 2014 17:37

اقتصادی پالیسیاں ملک کو قلیل عرصہ میں ترقیافتہ بنا دیں گی، عوام کا ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3مارچ 2014ء) صدرپاکستان ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت کی اقتصادی پالیسیاں ملک کو بہت قلیل عرصہ میں ترقیافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کر دیں گی جہاں عوام کا معیار زندگی قابل رشک ہو گا،عالمی مالیاتی اداروں نے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کو تسلیم کر لیا ہے جس سے ہماری بین الاقوامی ساکھ مستحکم ہوئی ہے۔

موجودہ حکومت توانائی بحران ختم کرنے کا عزم کئے ہوئے ہے۔ صدر ممنون حسین نے یہ بات ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر منور مغل ، فاؤنڈر گروپ کے چئیرمین عبد الرؤف اور اسلام آباد چیمبر کے سابق صدور طارق صادق و معروف صنعتکارمحبوب الٰہی کے اعزاز میں دئیے گئے ایک عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام اور تاجر برادری کے مسائل کا احساس ہے جنھیں حل کیا جائے گا کیونکہ حکومت ترقی کا سفر تنہا طے نہیں کر سکتی۔

(جاری ہے)

حکومت بجلی کی پیداوار،زرمبادلہ کے ذخائر، ترسیلات ،برامدات اور ٹیکس نیٹ بڑھانے جبکہ گردشی قرضہ ، اخراجات،افراط زر، غیر ضروری مراعات و استثناء ختم کر کے معیشت کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ انسانی وسائل اور انفراسٹرکچر میں بھاری سرمایہ کاری کی جا سکے۔ صدر نے کہا کہ بجلی کی پیداوار، شرح نمو وروزگار اورپانی کے ذخائر میں اضافہ ناگزیر ہے جبکہ قرضوں اور لیپ ٹاپ کے زریعے نوجوانوں کی استعداد بڑھائی جا رہی ہے۔

حکومت مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔اس موقع پر تاجر وفد کے سربراہ منور مغل نے صدر ممنون حسین کو چین کے کامیاب دورے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے حکومت اقتصادی ترقی کے لئے مناسب اقدامات کر رہی ہے۔وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو کاروباری برادری کا اعتماد حاصل ہے۔چین کا دورہ پاکستان کی تیز رفتار سماجی و معاشی ترقی اور توانائی بحران خاتمہ کی ابتداء ہے جس نے گزشتہ پانچ سال میں دو کھرب سے نقصان پہنچایا ہے۔

چین کی جانب سے پاکستان میں اقتصادی کوریڈور کی تعمیر سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔ منور مغل نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی اور مستقبل چین سے وابستہ ہے اور اس دوست ملک سے بین الاقوامی، علاقائی، سیاسی، سماجی اور اقتصادی تعاون بڑھانا ہمارے لئے اہم ہے۔عبد الرؤف، صدور طارق صادق اور محبوب الٰہی نے اس موقع پر کہا کہ چین کے اقتصادی ماڈل کو بعض تبدیلیوں کے بعد نافذ کیا جائے تو پاکستان کے بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔انھوں نے حکومت کے اقتصادی اقدامات کی غیر مشروط حمایت کرتے ہوئے صدر ممنون حسین کو کاروباری برادری کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔آخر میں فاؤنڈر گروپ کے چئیرمین عبدالرؤف نے صدر کو گلدستہ پیش کیا۔