ملک میں ایک کروڑ افراد سماعت سے محروم ہیں،حکومت آلہ سماعت کی مقامی سطح پر تیاری کی حوصلہ افزائی کریگی‘ خواجہ سلمان رفیق

پیر 3 مارچ 2014 17:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3مارچ 2014ء) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ بیماریوں کی روک تھام کے لیے ہیلتھ ایجوکیشن کے سبجکٹ کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جارہاہے تاکہ ابتدائی سطح سے بھی بچوں اور بڑوں کو بیماریوں سے بچاؤ کے متعلق آگاہی فراہم کر کے معاشرے کو صحت مند بنایا جاسکے،قوت سماعت سے محروم بچوں اور بڑوں کو کم قیمت پر آلات مہیا کرنے کے لیے حکومت آلہ سماعت کی مقامی سطح پر تیاری کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

انہوں نے یہ بات سوموار کے روز سماعت کے عالمی دن کے موقع پر علامہ اقبال میڈیکل کالج میں منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سمینار کا اہتمام حمزہ فاؤنڈیشن ، پنجاب یونیورسٹی اور سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے کیا گیا۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سماعت اور قوت گویائی سے محروم بچوں کے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اساتذہ خصوصی بچوں کی بحالی اور انہیں کار آمد شہری بنانے کے لیے انتہائی لگن اور محنت سے اپنی ذمہ داریاں پوری کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بعض اوقات ان بچوں کے والدین کے صبر کا دامن چھوٹ جاتا ہے لیکن قابل احترام ہیں یہ اساتذہ جو تمام تر مشکلات کے باوجود ان بچوں کی تعلیمی و تربیت کرتے ہیں۔اس موقع پر قوت سماعت سے محروم بچوں نے قومی ترانہ اور مختلف خاکے پیش کئے جنہیں حاضرین نے بہت سراہا۔ سیمینار میں علامہ اقبال میڈیکل کے پرنسپل پروفیسر محمود شوکت ، ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر عبدالرؤف ، پروفیسر راشد ضیاء ، پروفیسر امجد اور دیگر نے خطاب کیا۔

پروفیسر راشد ضیاء نے کہا کہ 70.80فیصد سماعت سے محروم لوگوں کوہیئرنگ ایڈ لگا کر ان کی سماعت کو بحال کیا جاسکتا ہے جس کے لیے آلات سماعت کی اندرون ملک تیاری ضروری ہے تاکہ سستے نرخوں پر لوگوں کو یہ سہولت دستیاب ہوسکے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ایک کروڑ افراد سماعت سے مسائل سے دو چار ہیں جن میں سے نصف کا تعلق پنجاب سے ہے۔ سیمینار میں سی ایم ایچ لاہور ، سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ، چلڈرن ہسپتال اور لاہور کے دیگر ٹیچنگ ہسپتالوں کے ای این ٹی کے سینئر ڈاکٹرز نے شرکت کی۔

ماہرین نے کان کی حفاظت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کان کی صفائی کے لیے کاٹن بڈ کا استعمال انتہائی خطرناک ہوسکتاہے۔ انہوں نے ہیڈ فون کے ساتھ سننا، ای پیڈ کا استعمال اور موبائل فون کا استعمال نہ صرف سماعت کو متاثر کرتا ہے بلکہ اس سے دماغ میں ٹیومر بننے کا خطرہ بڑھ جاتاہے۔بعدازاں خواجہ سلمان رفیق نے سماعت کے عالمی دن کے حوالے سے عوامی آگاہی کے لیے فاطمہ جناح میڈیکل کالج کے زیر اہتمام واک کی قیادت کی جس میں کالج کے اساتذہ ، شعبہ ای این ٹی کے ڈاکٹروں اور دیگر افرا د کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :