پاکستانی برآمد کنندگان غیر روایتی مصنوعات کی برآمد میں دلچسپی لیں، عادل مختار

پیر 3 مارچ 2014 14:26

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3مارچ 2014ء) پاکستانی ہائی کمیشن برطانیہ کے ٹریڈڈویلپمنٹ آفیسر عادل مختار نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی برآمد کنندگان غیر روائتی مصنوعات کی برآمد میں دلچسپی لیں، انہوں نے کہا کہ پاکستانی برآمد کنندگان کو پاکستان میں ہونے والی مختلف نمائشوں میں شرکت کرکے لازماً غیر ملکی خریداروں سے ملاقات کرنی چاہئے، غیر ملکی خریدار توانائی بحران کی وجہ سے پاکستان کا رخ کرنے سے اجتناب کرتے ہیں۔

انہوں نے فیصل آباد چیمبر کو برطانیہ کیلئے تجارتی وفد بھیجنے کی بھی تجویز دی اور کہا کہ اس سے دو طرفہ تجارتی حجم کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن تجارتی وفود کو ویزوں کے اجراء کیلئے بھی برطانوی ہائی کمیشن کو سفارش کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری انجینئر سہیل بن رشید نے کہا کہ دونوں ممالک کے باہمی تجارتی تعلقات ترقی کی جانب گامزن ہیں۔

2012 میں باہمی تجارتی حجم 1987.30 ملین ڈالر کے قریب تھا جس میں پاکستانی برآمدات 1247.48 ملین ڈالر اور درآمدات 740.15 ملین ڈالر کے قریب تھیں۔ یورپی یونین کی طرف سے جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہوگا اس ضمن میں برطانیہ کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تجارتی حجم کے فروغ کیلئے وفود کے تبادلے، مخصوص مصنوعات اور سنگل کنٹری نمائش اور بزنس کمیونٹی کے قریبی روابط سے مدد لی جا سکتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر سابق صدر ایوان میاں فرحان لطیف ، جمیل احمد، نوید گلزار ، سینئر نائب صدر ریاض الحق اور نائب صدر چوہدری محمد اصغر نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ انعام افضل خان نے مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔