بیت المال نے ملک بھر میں بیروزگار افراد کو 30 مختلف کاروباری کیٹیگریز میں مالی امداد فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے،بیرسٹر عابد وحید شیخ ،وزیراعظم کے ویژن کے مطابق مستحق افراد بغیر سفارش کے مالی امداد حاصل کرسکیں گے ،کرپشن ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی،بیت المال بے سہارا اور بے گھر معمر افراد کیلئے گریٹ ہومز جیسے کامیاب منصوبوں کا تسلسل جاری رکھ کر بیروزگار افراد کو اپنے ذاتی کاروبار کیلئے مالی امداد کی فراہمی شروع کرچکاہے ، ایم ڈی پاکستان بیت المال

اتوار 2 مارچ 2014 17:25

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مارچ۔2014ء) منیجنگ ڈائریکٹرپاکستان بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ نے کہا ہے کہ بیت المال نے ملک بھر میں بے روزگار افراد کو 30 مختلف کاروباری کیٹیگریز میں مالی امداد فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے جس سے ملک میں بے روزگاری کو ختم کرنے میں مدد ملے گی ،وزیراعظم میاں نواز شریف کے ویژن کے مطابق مستحق افراد بغیر سفارش کے مالی امداد حاصل کرسکیں گے کرپشن کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔

اس امر کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این این آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیت المال بے سہارا اور بے گھر معمر افراد کیلئے ” گریٹ ہومز“ جیسے کامیاب منصوبوں کے تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے بے روزگار افراد کو اپنے ذاتی کاروبار کے لئے مالی امداد کی فراہمی شروع کرچکاہے جس کے تحت ملک بھر کے بے روزگار افراد درخواست فارم میں دی گئی شرائط کو پورا کر کے بیت المال کے تجویز کردہ 30مختلف کاروبار شروع کر سکیں گے جن میں چائے کی دکان، کمپیوٹر موبائل کے پرزہ جات، درزی کی دکان، اشیاء خورد و نوش کی پیکنگ، گھریلو سطح پر سلائی کڑھائی، سجاوٹ ،پھولوں کی دکان، دفاتر میں لنچ کی فراہمی، چھوٹے پیمانے پر الیکٹریشن ، پلمبنگ کی دکان، کھوکھہ شاپ، سبزی پھل کی دکان، رنگ سازی و ملبوسات سازی، لانڈری، تصویری فریم، سائن بورڈز پینٹنگ، چھوٹے پیمانے پر بیوٹی پارلر، سائیکل موٹر سائیکل مرمت،پاپ کارن مشین،کمپوزنگ شاپ، چوڑیاں سازی، نمبر نیم پلیٹ، کار پینٹر ، جلد سازی، حجام، ریفریشمنٹ سینٹر، آئس کریم کون مشین، گنے کے رس کی مشین، موم بتی سازی، موچی،ریڈیو ٹی وی مرمت،پنکچر ٹائروں کی مرمت، فریج ،اے سی، ہیٹر وغیرہ کی مرمت شامل ہیں اس کے علاوہ اگر کوئی فرد اپنے حاصل شدہ ہنر کے مطابق کام کرنے کا خواہش مند ہو تو وہ اس کی نشاندہی کر کے مالی امداد حاصل کر سکتا ہے درخواست دہندگان کو اپنے شنا ختی کارڈ کی فوٹو کاپی کے علاوہ دو افراد کی گواہی درکار ہو گی جو اس امر کی تصدیق کریں گے کہ درخواست دہندہ واقعی غریب آدمی ہے اور بیت المال سے امداد کا مستحق ہے علاوہ ازیں بیت المال کی جانب سے بے سہارامستحق خواتین کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے ووکیشنل ٹرینگ سکولوں میں تربیت بھی دی جا رہی ہے جہاں ، سلائی کڑھائی، مشینی کڑھائی، کمپیوٹر ٹریننگ، درزی، ہینڈی کرافٹنگ، فیبرک پینٹنگ، بلاک پرنٹنگ، گلاس ورک، زری ورک اوربیوٹیشن و غیرہ کی تربیت دی جاتی ہے دوران ٹرینگ ان خواتین کو روزانہ کی بنیاد پرمعقول معاوضہ بھی دیا جاتا ہے۔