وزیر اعلیٰ سے سعودی عرب کے سفیر کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات کے فروغ اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال،سعودی عرب اور پاکستان کے مابین تجارتی اور اقتصادی تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے‘محمد شہباز شریف، دونوں ممالک کے عوام دینی اور بھائی چارے کے رشتوں میں جڑے ہیں، جنگ ہو یا امن سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے، نواز شریف کی قیادت میں توانائی بحران اور انتہاپسندی ختم کرکے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے،سعودی سفیر سے بات چیت

اتوار 2 مارچ 2014 17:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کا عظیم دوست ہے جس نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ دونوں ممالک کے عوام آپس میں گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کو سودمند اقتصادی روابط میں تبدیل ہورہے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کوشاں ہے۔ توانائی بحران اور انتہاپسندی کو ختم کرکے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار سعودی عرب کے سفیر عبدالعزیز الغدیر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے آج یہاں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ شہباز شریف نے سعودی سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے مابین تجارتی اور اقتصادی تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ دونوں ممالک کے عوام دینی اور بھائی چارے کے گہرے رشتوں میں جڑے ہیں۔ جنگ ہو یا امن، زلزلہ ہو یا سیلاب یا کوئی اور قدرتی آفت، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپورساتھ نبھایا ہے۔ سعودی عرب کی حکومت، خادم حرمین شریفین عبداللہ بن عبدالعزیز اور سعودی عرب کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے۔

سعودی عرب کے ولی عہد کے حالیہ دورہ پاکستان سے دونوں ملکو ں کے درمیان برادرانہ تعلقات اور دوستی کا رشتہ مزید مضبوط ہوا ہے۔ پاکستان اور اس کے عوام سعودی عرب کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور وزیراعظم محمد نوازشریف بھی سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے خواہاں ہیں۔ پاکستان کو درپیش مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو توانائی بحران اور انتہاپسندی جیسے بڑے مسائل کا سامنا ہے اور وزیراعظم محمد نواز شریف ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کیلئے پرعزم ہیں اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سنجیدگی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

پنجاب میں خدمت کارڈ جبکہ وفاق کی سطح پر یوتھ لون سکیم جیسے منصوبوں سے پاکستان میں معاشی اور سماجی استحکام آئے گا۔ ان دونوں پروگراموں کے اجرا کا مقصد ملکی وسائل کا رخ عام طبقے کی طرف موڑنا ہے۔ سعودی عرب کے سفیر عبدالعزیز الغدیر نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔

دونوں ملکوں کی دوستی ہر مشکل وقت پر پورا اتری ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں عوام کی فلاح و بہبود کا جو پروگرام آگے بڑھایا جا رہا ہے اس سے پاکستان ترقی و خوشحالی کی منزل سے ضرور ہمکنار ہوگا۔ اسی طرح وزیراعلیٰ شہباز شریف نے صوبے میں ترقی و خوشحالی کے نئے باب رقم کئے ہیں۔ سعودی عرب نے ماضی میں بھی اپنے برادر ملک پاکستان کے ساتھ تعاون کیا اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔