میڈیا میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں پیش کرنے کیلئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں‘برطانوی ممبر پارلیمنٹ،برطانوی ممبران پارلیمنٹ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی رہنمائی میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے‘کرس لزے

اتوار 2 مارچ 2014 15:02

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مارچ۔2014ء) برطانوی ممبر پارلیمنٹ کرس لزلے (Chris Lesley)نے کہا ہے کہ برطانوی ممبران پارلیمنٹ نے مسئلہ کشمیر کوبرطانوی حکومت اور پارلیمنٹ میں اٹھانے سمیت کشمیریوں کے حق خود ارادیت دلوانے، برطانوی وزیر اعظم، وزیر خارجہ سے ملاقات کرکے مسئلہ کشمیر حل کرانے جیسے دیگر اقدامات کی حمایت کردی ہے ۔ جس میں لندن میں اکتوبر میں ہو نے والے ملین مارچ، برطانوی ممبران پارلیمنٹ کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات،میڈیا میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں پیش کرنے کے لئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

اسی طرح برطانوی ممبران پارلیمنٹ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی رہنمائی میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں لندن میںآ زاد کشمیر کے سابق وزیراعظم وپاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیرکے مرکزی رہنماء بیرسٹر سلطان محمودچوہدری سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے برطانوی پارلیمنٹ کے اہم رکن کرس لزلے کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا ۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ اس سلسلے میں ایک ڈیٹا مرتب کیا جائے گا۔ جس سے دنیا بھر میں لوگوں کوکشمیر کی صورتحال اور مسئلہ کشمیر پرآگاہی دی جائے گی۔اسی طرح بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ کیونکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنی آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے ظلم و جبر کی آندھی چلائے ہو ئے ہے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ دنیا کی توجہ مسئلہ افغانستان، نیٹو اور امریکی افواج کے یہاں سے انخلاء کی وجہ سے اس ریجن پر مرکوز ہے لہذا اب مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کا یہ صحیح موقع ہے اور انٹرنیشنل کمیونٹی کو یہ باور کرانے کی ضرورت ہے کہ مسئلہ افغانستان اور اس ریجن کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی وابستہ ہے۔اسی طرح پاک، بھارت مذاکرات میں مسئلہ کشمیر کے اصل اور اہم فریق کشمیری عوام کو شامل کیا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر کا جامع اور پائیدار حل نکل سکے اور خطے میں امن قائم ہو سکے۔

دریں اثناء بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ممبران ہاؤس آف لارڈز ، برطانوی ممبران پارلیمنٹ اور دیگر اہم شخصیات کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے جن میں برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر واجد شمس الحسن، برطانیہ کی پارلیمنٹ میں پہلے کشمیری نثزاد برطانوی رکن پارلیمنٹ مرزا خالد محمود اور دیگر شامل تھے۔